فیصل آباد، ڈویژنل کمشنر محمود جاوید بھٹی نے کہا ہے کہ احترام رمضان آرڈیننس پرعملدرآمد کو یقینی بنائیں گے جبکہ رمضان المبارک کے دوران مساجد و دینی اجتماعات کی سیکورٹی کے لئے خصوصی اقدامات کئے گئے ہیں۔انہوں نے یہ بات مرکزی علماء کونسل کے نمائندوں سے گفتگو کے دوران کہی جنہوں نے حافظ محمد امجد کی قیادت میں کمشنر آفس میں ان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر (جنرل) مصور خاں نیازی بھی موجود تھے۔ ملاقات میں مولانا حفیظ الرحمن‘ حافظ مقبول احمد‘ مولانا اعظم فاروق‘ قاری ثاقب عزیز‘مولانا عامر اشرف‘ مولانا قاسم فاروقی‘ مولانا نعیم طلحہ‘ عامر مقبول‘ مولانااعظم طارق و دیگر شریک تھے۔ ڈویژنل کمشنر نے علماء کرام کے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ وہ معاشرے کا معزز اور بااثر طبقہ ہیں جو لوگوں کی صحیح سمت رہنمائی‘ سماجی اصلاح اور دینی و اخلاقی اقدار کے فروغ کے لئے اہم کردار ادا کر رہے ہیں جن کی مشاورت و تجاویز سے مذہبی ہم آہنگی‘ روا داری اور بھائی چارے کی فضاء کو قائم رکھنے میں مدد ملتی ہے۔انہوں نے رمضان المبارک کے مقدس مہینہ کی آمد کے حوالے سے حکومتی احکامات کی روشنی میں کئے گئے اقدامات کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور بتایا کہ ماہ صیام میں اشیائے خورد و نوش کی زیادہ طلب کے باعث بے جا مہنگائی کے منفی رجحان کی روک تھام کے لئے فیصل آباد ڈویژن میں 36 سستے رمضان بازاروں کا انتظام کیا گیا ہے جبکہ عام مارکیٹوں میں گرانفروشی کے خلاف ایکشن کے لئے سپیشل پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی تعداد میں اضافہ کرکے انہیں متحرک رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اشیائے ضروریہ کی سپلائی کے لئے جامع میکنزم تیار کیا گیا ہے تاکہ صارفین کے لئے کسی شے کی قلت نہ ہو۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ ماہ صیام میں صارفین کو ہر ممکن ریلیف فراہم کریں گے اور انہیں مہنگائی مافیا کے استحصال سے بچایاجائے گا۔ ڈویژنل کمشنر نے کہاکہ لاؤڈ سپیکر کے غیر قانونی اور بے جا استعمال کے خلاف سخت ایکشن ہوگا اس ضمن میں ڈویژن کے چاروں اضلاع کی انتظامیہ کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اشیاء کی فروخت کے اعلانات کے لئے ریڑھی و ٹھیلوں پر لاؤڈ سپیکر چلانے اور ماہ صیام کے دوران پبلک ٹرانسپورٹ میں گانے بچانے کی بھی سختی سے حوصلہ شکنی کی جائے گی۔ ڈویژنل کمشنر نے بتایاکہ رمضان المبارک کے دوران سحر و افطار کے اوقات میں بجلی کی لوڈشیڈنگ نہیں ہو گی اس سلسلے میں فیسکو حکام سے یقین دہانی حاصل کرلی گئی ہے۔

Shares: