انتظامیہ کا کارنامہ،رمضان بازار کے لئے شاہرائے عام بند کردی

مظفرگڑھ کی انتظامیہ نے شہرکی اہم شاہراہ کو رمضان بازارلگاکرٹریفک کے لئے مکمل طوربند کردیا جبکہ متبادلہ راستہ پربھی ریڑھی بازارقائم ہونےسے موٹر سائیکل اور موٹر کار سوارشہریوں کوآمدورفت میں مشکلات کاسامناہے۔تفصیل کےمطابق مظفرگڑھ میں انتظامیہ نے فیاض پارک چوک کےقریب اہم شاہراہ جو کہ شہر کے مین بازار سے آمدورفت کا مرکزی راستہ تھی اس پرٹینٹ لگارمضان بازار کے بنادیا اور یہاں سے ہر قسم کی ٹریفک کا داخلہ بند کردیا۔واضح رہے کہ اس شاہراہ سے مین بازار اور ضلع کچہری و کوڑے خان سکول کے لئے شہریوں کی کثیرتعداد کا گزر ہوتا تھا اس اہم سڑک کے بند ہونے سے شہریوں کی مشکلات بڑھ گئیں ہیں۔ شہریوں کو آمدورفت کے لئے اب مرکزی شاہراہ کی بجائے ہائی ایس اسٹینڈ سےمنسلک ایک چھوٹے راستے سے ہوکر گزرنا پڑتا ہے جو کہ دن میں کئی کئی گھنٹے بلاک رہتا ہے ۔چند سال قبل جب رمضان بازار کے نام پر شہر کی مرکزی شاہراہ کی بندش کا فیصلہ کیاگیا تھا تو متبادل روٹ کے طور پر گرجا کے ساتھ موجود شاہراہ کو متبادل راستہ قرار دے دیا گیا تھا تاہم تین سال قبل انتظامی افسران اور سیاستدانوں نے ملکر گرجا گھر کے ساتھ موجود سڑک کو غیرقانونی طور پر ریڑھی بازار میں تبدیل کردیا ۔ذرائع کے مطابق اس ریڑھی بازار سے بھی بااثر سیاستدانوں اور انتظامی افسران کے نام پر بھتہ وصول کیا جاتاہے یہی وجہ ہےکہ آج تک اس روڈ پر قابض ریڑھی مافیا پر ہاتھ نہیں ڈالا گیا ۔یہ ریڑھی بازار ناصرف شہریوں کے لئے وبال جان ہے بلکہ شہر کے مرکزی گرجا گھر کی دیوار سے منسلک ہونے کی وجہ سے سکیورٹی رسک بھی ہے۔شہریوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ عوام کی سہولت کے نام پر عوام کو ہی رسوا نہ کیا جائے اور رمضان بازار کو شاہراہ عام سے چند قدم کے فاصلہ پر واقع فیاض پارک منتقل کردیا جائے ۔

Comments are closed.