حافظ آبادسٹی پولیس نے بڑی کاروائی کرکے 3 ڈکیت گینگز گرفتار کر لیے،

حافظ آباد(نمائندہ باغی ٹی وی) حافظ آباد سٹی پولیس نے دہشت کی علامت سمجھے جانے والے چوہدری، حیدر شاہ، سکندر وڑائچ ڈکیت گینگز کے 18ملزمان گرفتار کر لیئے۔ملزمان نے دوران ڈکیتی قتل، ہائی وے رابری، ڈکیتی، راہزنی، موٹرسائیکل چھیننے اور نقب زنی کی 40سے زائد وارداتوں کا انکشاف کیا ہے۔ ملزمان سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور لاکھوں روپے نقدی برآمدکر لی گئی۔تفصیلات کے مطابق حافظ آبادسٹی پولیس نے ایس ایچ او اعجاز احمد بٹ کی سربراہی میں بڑی کاروائی کرکے 3 ڈکیت گینگز گرفتار کر لیے ہیں۔ گرفتار ملزمان میں 5 اے کیٹگری کے اشتہاری بھی شامل ہیں۔تھانہ سٹی پولیس نے چوہدری ڈکیت گینگ، سکندر ڈکیت گینگ اور حیدر شاہ ڈکیت گینگ گرفتار کر لیے۔ تینوں گینگز کے سر غناوں سمیت 18 ملزمان گرفتار کر لیے گئے ہیں۔ملزمان نے دوران ڈکیتی قتل، ہائی وے رابری، راہزنی، موٹر سائیکل چھیننے اور نقب زنی کی 40 سے زائد وارداتوں کا انکشاف کیا ہے۔ چودھری ڈکیت گینگ کے سرغنہ ذو الفقار چودھری نے انکشاف کیا ہے کہ تین سال قبل اس نے دیگر 3 ملزمان کے ساتھ ملکر ڈکیتی کے دوران مدد کیلئے پکارنے والے عاشق حسین نامی شخص کو چھت سے نیچے پھینک کر ہلاک کر دیا تھا۔ سکندر ڈکیت گینگ کے ملزمان دن دیہاڑے ہائی وے کے اوپر مسافر وین لوٹنے میں بھی ملوث تھے اس دوران انہوں نے لیڈی ہیلتھ ورکر سے ایک لاکھ روپے لوٹ لیے تھے۔ ملزمان کے خلاف تھانہ سٹی میں راہزنی، نقب زنی، ناجائز اسلحہ کے درجن سے زائد مقدمات درج ہیں۔ ملزمان نے اپنی کاروائیوں سے علاقے میں خوف وہراس پھیلا رکھا تھا۔ ملزمان کے قبضہ سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور لاکھوں روپے نقدی بر آمد کر لی گئی ہے۔پولیس کی اس کاروائی پر شہریوں نے ڈی پی او حافظ آباد اور انکی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
حافظ آباد(بیورورپورٹ) ڈپٹی کمشنر حافظ آباد سے بد تمیزی، سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے اور دفتر میں زبردستی داخل ہو کر کار سرکار میں مداخلت کرنے کے الزام میں گرفتار خاتون سکول ٹیچرزہرہ جبیں کو جوڈیشل کرکے جیل بھجوادیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر کے پی ایس او عبدالقدوس نے پولیس تھانہ صدر کو درخواست دیتے ہوئے الزام عائد کیا تھاکہ سکول ٹیچر زہرہ جبیں نے دو روز قبل زبردستی ڈپٹی کمشنر ہاؤس میں داخل ہونے کی کوشش کی جس پر ڈیوٹی پر موجود سیکیورٹی اہلکاروں نے اُسے روکنے کی کوشش کی تو اُس نے ملازمین کو گالم گلوچ کرتے ہوئے سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دیں اور ڈپٹی کمشنر کو بُرا بھلا بھی کہا۔بعدازاں سکول ٹیچر زہرہ جبیں ڈپٹی کمشنر آفس آئی جہاں اس نے زبردستی کار سرکاری میں مداخلت کرتے ہوئے دفتر میں داخل ہو کر غلیظ گالیاں دیتے ہوئے سنگین نتائج کی دھمکیاں دینا شروع کر دیں۔ جس پر پولیس تھانہ صدر نے سکول ٹیچر زہرہ جبیں کو گرفتار کرکے اُس کے خلاف زیر دفعہ 452/506/186/189 ت پ کے تحت مقدمہ درج کر نے کے بعدا سے جوڈیشل کرکے جیل بھجوادیا۔یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ گورنمنٹ ڈبل سیکشن گرلز ہائی سکول کی ٹیچر زہرہ ٹیچر زہرہ جبیں کوچند روز قبل نا مناسب رویہ اور ساتھی اساتذہ سے لڑائی جھگڑا کرنے پر گورنمنٹ ہائی سکول ٹھٹھہ خیرو مٹمل ٹرانسفر کیا گیاتھا۔
حافظ آباد(بیورورپورٹ)سابق ضلع ناظم کرنل ر علی احمد اعوان نے کہا ہے کہ ملک میں دہشت گردی کے یکے بعد دیگر حملے نہایت تشویشناک صورت حال اختیار کرچکے ہیں۔ دہشت گردی کی نئی لہر صرف پنجاب میں ہی نہیں بلکہ ملک کے دیگر حصوں میں بھی روزپزیر ہے۔خصوصی طور پر بلوچستان میں حالیہ چند ہفتوں میں دہشت گردنئے سرے سے سرگرم ہوچکے ہیں کیونکہ جوں جوں سی۔پیک منصوبہ تکمیل کے مراحل طے کررہا ہے۔ اسے سبوتاژکرنے کے لئے ملک دشمن عناصرکی مذموم کاروائیوں میں اضافہ ہورہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان تمام ملک دشمن عناصر تنظیموں کی تربیت، فنڈنگ اور پشت پناہی بھارت کررہا ہے۔گذشتہ دو تین ماہ کے دوران گوادر اور بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں دہشت گردی کے واقعات سے عیاں ہے کہ بلوچستان میں جاری ترقیاتی عمل بالخصوص سی۔پیک کا منصوبہ ہمارے دشمنوں کو ہضم نہیں ہورہا اور وہ خوف وہراس کی فضا پیدا کررہے ہیں تاکہ پاکستان اور چین کے انجینئر اور دیگر اہلکار بددلی کا شکار ہوکر گوادر میں کام جاری رکھنا ترق کردیں۔ لیکن دشمن کو یاد رکھنا چاہئے کہ پاک فوج ایک بار پھر انکی تمام سازشوں کوناکام بنادے گی۔
حافظ آباد(بیورورپورٹ)گورنمنٹ پرائمری سکول دولو باورے میں زیر تعلیم پانچویں کلاس کے طالبعلم کو کرنٹ لگنے سے اسکی حالت غیر ہوگئی جس پر اسے تشویشناک حالت میں ٹراما سنٹر منتقل کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق زین ولد عبدالستار جو کہ گورنمنٹ پرائمری سکول دولو باورے میں پانچویں کلاس کا طالبعلم تھا وہ گذشتہ روز سکول کی لیٹرین میں رفع حاجت کے لئے گیا تو لیٹرین شارٹ تھی۔جہاں اسے اچاناک کرنٹ لگا جس سے اسکی حالت غیر ہوگئی۔طالبعلم کو فوری طور پر ٹراما سنٹر منتقل کیا گیا جہاں اسے طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔
حافظ آباد(بیورورپورٹ)حافظ آباد کے نواحی قصبہ سکھیکی میں بوسیدہ مکان کی چھت گرنے سے ملبہ تلے دب کر دو افراد شدیدذخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق محمد ستار کے گھر کی بیٹھک میں اسکاملازم شکیل احمد اور انور علی دونوں سموسے تیار کررہے تھے کہ اچانک کمرے کی چھت بوسیدہ ہونے کی وجہ سے نیچے آگری۔جس کے ملبہ تلے دب کر شکیل اور انور دونوں شدید ذخمی ہوگئے۔ ریسکیو کی ٹیم اور دیہاتیوں نے انہیں ملبہ سے نکال کر ذخمی حالت میں ہسپتال منتقل کردیا۔
حافظ آباد(بیورورپورٹ)ڈپٹی کمشنر حافظ آباد نوید شہزاد مرزا کا کہنا ہے کہ ضلع بھر کے چاروں رمضان بازاروں میں عوام کو معیاری اور سستی اشیاء کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔ان رمضان بازاروں میں آٹا،چینی،دالیں،سبزیاں،فروٹ،بیسن،چاول،آلو،ٹماٹر،لیموں سمیت سیگر عام استعمال کی چیزیں سستے داموں دستیاب ہیں۔ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ رمضان بازاروں میں اب تک دس کلو گرام آٹے کے 7338تھیلے فروخت ہوئے جن میں حافظ آباد کے رمضان بازار میں 3615،پنڈی بھٹیاں میں 1422،جلاپور بھٹیاں میں 1601،اور سکھیکی میں 700تھیلے فروخت ہوئے۔انکا کہنا تھا کہ چاروں رمضان بازاروں میں 19800کلو گرام چینی بھی فروخت ہوئی۔حافظ آباد میں 10200کلو،پنڈی بھٹیاں میں 4850،جلاپور بھٹیاں میں 2000،اور سکھیکی میں 2750کلو گرام سبسڈائز چینی فروخت کی گئی۔انکا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر عوام کو رمضان المبارک کے دوران سستی اشیاء کی فراہمی کا سلسلہ ضلع بھر کے تمام رمضان بازاروں میں جاری ہے اور لوگوں کی ایک بڑی تعداد روزانہ کی بنیاد پر ان سستے رمضان بازاروں سے خریداری بھی کر رہی ہے۔
undefined