حکمران جماعت کی دھڑے بندی اور بدکلامی سماج کیلئے عذاب بن گئی

0
54

فیصل آباد(محمد اویس)جماعت اسلامی کے صوبائی نائب امیرسردارظفرحسین خان نے کہا کہ چیف آف آرمی سٹاف کی توسیعی تقرری پر حکومت نے نااہلی اور غلطیوں کی انتہا کردی ہے ۔ چیف جسٹس آف پاکستان نے پاکستان کے آئین اور قانون کی روشنی میں مہلت عمل تو دے دی ہے لیکن وزرا اپنے بیانات سے معاملات کو پھر خراب کر رہے ہیں ۔ پوری صورتحال کو حکومتی نااہلی نے گدلا دیا ہے ۔ انہوں نے کہا حکومت نے اپنی نالائقی کی وجہ سے قومی ادارے کو بھی بدنام کیا ۔ ہر گزرتا دن حکومت کی ناکامی ثابت کر رہاہے ۔ موجودہ حکمرانوں کے روئیے نے سب کو مایوس کیاہے ۔ ان کی پالیسیوں سے نہیں لگتا کہ یہ افہام و تفہیم سے کوئی قدم آگے بڑھا سکیں گے ۔پنجاب میں بیوروکریسی ، پولیس اور انتظامی افسروں کو مسلسل پنجاب کی نااہل اور ناکارہ حکومت پر قربان کیا جارہاہے ۔ وقت ، حالات اور گورننس چیخ چیخ کر اعلان کر رہے ہیں کہ حکومتی تلوں میں تیل نہیں ، پنجاب میں گورننس کا برا حال ہے ۔ حکمران جماعت کی دھڑے بندی اور بدکلامی سماج کیلئے عذاب بن گئی ہے ۔

Leave a reply