دہشت گردی کی جنگ میں پولیس فورس نے گرانقدر قربانیاں دی ہیں.

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ دہشت گردی کی جنگ میں پولیس فورس نے گرانقدر قربانیاں دی ہیں جن کا کوئی نعم البدل نہیں ہوسکتا، ہمارے نظام صوبے، ملک اور قوم کے لئے ان قربانیوں سے بڑھ کر اور کچھ نہیں ہوسکتا جو پولیس اور دیگر سیکیورٹی اداروں نے فرائض کی انجام دہی کے دوران دی ہیں، آج ہم جس پرامن حالت میں سکون کے ساتھ رہ رہے ہیں یہ انہی قربانیوں کی بدولت ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم شہداء پولیس کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ حیدرعلی شکوہ، آئی جی پولیس محسن بٹ، پولیس حکام اور شہداء کے لواحقین بھی تقریب میں موجود تھے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ آج کے دن ہم شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے یہاں موجود ہیں، شہداء کی جانوں کا نعم البدل تو نہیں ہوسکتا تاہم ہم ان کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ان کے غم میں شامل ضرور ہوسکتے ہیں،ہم عزم اور جذبے کے ساتھ شہداء کے بچوں کی تعلیم، صحت، روزگار اور رہائش کی سہولتوں کو ضرور یقینی بنائیں گے، انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک اور صوبے میں ہر سطح اور ہر پیمانے پر دہشت گردی ہوتی رہی ہے اور اگر صورتحال میں بہتری آئی ہے تو اس کی وجہ اور کچھ نہیں صرف شہداء کی قربانیاں ہیں، تمام فورسز ہماری ہیں اور وردی میں ملبوس لوگ صحیح معنوں میں سچے پاکستانی ہیں جو 24گھنٹے سرحدوں اور عوام کے جان ومال کے تحفظ کے لئے جان ہتھیلی پر رکھ کر ڈیوٹی پر موجود رہتے ہیں، وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہمارے وسائل کم نہیں لیکن ایسی کوئی ترجیح نہیں بنائی گئی ہے جس سے ان وسائل کا صحیح معنوں میں استعمال ہو اور یہ وہ خامیاں ہیں جن سے بہت سے امور خراب ہوئے، انہوں نے کہا کہ اب وہ وقت ہے جب ہم نے ہر شعبے کو اٹھانا ہے، بہتری آئے گی تو کارکردگی میں بھی اضافہ ہوگا، ہمارے سپاہیوں کے پاس تمام سہولتیں ہوں گی تو وہ بہتر انداز میں اپنے فرائض سرانجام دینے کے قابل ہوسکیں گے، انہوں نے کہا کہ یہ ریاست اور حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ فورسز کو سہولتیں فراہم کرکے ان کی کارکردگی کو مثالی بنائے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ صوبہ ہم سب کا ہے، پولیس اورلیویز فورس امن کے قیام کی اہم ذمہ داریاں ادا کررہی ہیں اور ان فورسز میں کسی قسم کی تفریق نہیں آنی چاہئے، ہم انہیں یکساں سہولتیں دیں گے اور ان سہولتوں کو دیگر صوبوں کے برابر لایا جائے گا، وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہمیں دیکھے اور ان دیکھے دشمنوں کا سامنا ہے ان حالات میں سیکوریٹی فورسز اپنے حوصلے بلند رکھیں، ان کی اخلاقی مدد معاشرے کی ذمہ داری ہے جس میں سب کو اپنا حصہ ڈالنا ہوگا، ہماری فورسز بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں اور مشکل ترین اور کٹھن حالات میں بھی کبھی پیچھے نہیں ہٹیں، اس موقع پر وزیراعلیٰ نے شہداء کے لواحقین سے فرداً فرداً ملاقات کی اور ان کے مسائل سے آگاہی حاصل کرتے ہوئے آئی جی پولیس کو ان کے حل کے لئے سفارشات پیش کرنے کی ہدایت کی، قبل ازیں وزیراعلیٰ نے یادگار شہداء پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی، وزیراعلیٰ نے شہداء کے درجات کی بلندی کی دعا کی۔