سرگودھا عوام اور تاجروں کے لیے بڑی خوشخبری

سرگودھا۔ (اے پی پی) کمشنر سرگودہا ظفر اقبال شیخ کی زیر صدارت منعقدہ کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹر ز کے اجلاس میں 3 نئی مویشی منڈیاں لگانے کے علاوہ 4 مویشی منڈیوں میں مختلف ٹھیکہ جات اور 2 مویشی منڈیوں کے رقبہ میں توسیع کی منظوری دے دی گئی ہے جبکہ 2 مویشی منڈیوں کے رقبہ میں توسیع کو زیر التواء کر دیاگیا۔ بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں چار وں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز‘ ڈائریکٹر کالجز دلدار حسین اور ایم ڈی ڈاکٹر آفتاب احمد کے علاوہ دیگر ممبران نے شرکت کی۔ اجلاس میں میانوالی کے علاوہ واں بھچراں خوشاب کے علاقہ نو رپور تھل اور جابہ (وادی سون) میں نئی مویشی منڈی کے قیام کی منظوری دی گئی۔ بورڈ آف ڈائریکٹر نے ماڈل مویشی منڈی بھکر او رچاندنی چوک جبکہ میانوالی مویشی منڈی کے رقبہ کے توسیع کی بھی منظوری دی۔اجلاس میں خوشاب‘ بن حافظ جی‘ پپلاں او رسلانوالی میں قائم مویشی منڈیوں میں پارکنگ‘ ہوٹلز‘ چائے سٹال او رچارہ سمیت دیگر سٹالوں کے ٹھیکہ جات کی منظوری سمیت کمپنی کے دیگر کنٹریکٹ ملازمین کی مدت ملازمت میں توسیع کیلئے تمام ملازمین کی سالانہ کارکردگی رپورٹ بھی طلب کر لی جن کی روشنی میں مزید کنٹریکٹ دینے کا فیصلہ کیاجائے گا۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے ایم ڈی ڈاکٹر آفتاب احمد نے بتایاکہ کمپنی کے زیر انتظام اس وقت 10 مویشی منڈیاں کام کر رہی ہیں 3 مزید مویشی منڈیاں بھی جلد فنکشنل ہو جائیں گی۔ مویشی منڈیوں میں خریدار اور فروخت کنندگان کو تمام سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا گیاہے۔ کمپنی اپنے وسائل کو بڑھانے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔ کمپنی نے اس سال 3کروڑ 38 لاکھ روپے سے زائد کا ریونیو اکٹھا کیاہے۔ انہوں نے بتایا کہ کمرشانی میانوالی مویشی منڈی کا تمام تعمیراتی کام مکمل ہوچکاہے او رکمپنی نے اس کا باقاعدہ چارج سنبھال لیا ہے۔ کمشنر نے ایم ڈی کمپنی کو اپنے ادارہ کی کارکردگی میں مزید نکھارلانے او رمستقبل کاپلان مرتب کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کمپنی کے تھرڈ پارٹی آڈٹ کا بھی اعلان کیا جبکہ عدالتوں میں زیر سماعت مقدمات کیلئے مستقل لیگل ایڈوائزر کی بھرتی کیلئے اشتہار دینے کی بھی منظوری دی۔ کمشنر نے کمپنی کے تمام اخراجات کے بل متعلقہ تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنروں سے تصدیق کروانے کے بعد جمع کرنے کے احکامات بھی جاری کئے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کمپنی کو ئی بھی ادائیگی نقد نہ کرے او ربذریعہ چیک رقم ادا کی جائے۔ انہوں نے عیدالاضحی پر دن رات کام کرنے والے کمپنی ملازمین کو اعزازیہ دینے کیلئے بھی بورڈ ممبران سے سفارشات ایک ہفتہ میں طلب کر لی ہیں۔ اجلاس میں کمپنی کی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے کئی اہم فیصلے بھی کئے گئے۔

Comments are closed.