سیوریج لائنوں کی صفائی پر خاص توجہ دی جائے، جان محمد بلوچ

کراچی۔ (اے پی پی)چیئرمین بلدیہ ملیرجان محمد بلوچ نے کہا ہے کہ بلدیاتی ادارے کے سربراہ کی حیثیت سے عوام کی خدمت ہمارا منصبی فریضہ ہی نہیں اخلاقی فریضہ بھی ہے، ادارے کے محکمہ جاتی سربراہان اور ملازمین اپنے امور کی انجام دہی احسن طریقے پر کریں تو عوام کو اپنے حقوق کے حصول میں دشواریوں کا سامنا نہ کرنا پڑے، پاکستان پیپلز پارٹی عوام کو ہر پریشانی سے نجات دلانے کیلئے اقدامات کر رہی ہے، پارٹی قیادت کی جانب سے واضح احکامات کی روشنی میں تمام یوسیز میں ترقیاتی کام کروارہے ہیں اور مزید منصوبے زیر غور ہیں، بلخصوص فراہمی و نکاسی آب، شاہراہوں کی درستگی ہماری ترجیحات میں شامل ہیں۔ جمعرات کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے میونسپل کمشنر عمران اسلم کے ہمراہ یو سی غازی داؤد بروھی میں بلدیاتی سہولیات کے حوالے سے تفصیلی دورہ کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پریوسی چیئرمین اختر بلوچ، یوسی کونسلر حسن بلوچ، بلدیاتی افسران اور علاقہ معززین کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ چیئرمین بلدیہ ملیر جان محمد بلوچ نے متعلقہ افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ مساجد وامام بارگاہوں کے اطراف صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھا جائے، سیوریج لائنوں کی صفائی پر خاص توجہ دی جائے تاکہ اوور فلو کا مسئلہ ہی پیدا نہ ہو، سیوریج کی بند لائنوں کی راڈنگ اینڈ سکنک مشینوں کی مدد سے صفائی کو یقینی بنایا جائے، سیوریج کے گندے پانی کی وجہ سے عوام اور نمازکی ادائیگی کیلئے جانے والوں کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے، تمام یوسیز کی کچرا کنڈیوں سے بروقت کچرا اٹھاکر اور چونے کے چھڑکاؤکو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو صحت مندانہ ماحول فراہم کیا جاسکے۔ موقع پر موجود علاقہ معززین نے چیئرمین بلدیہ ملیرجان محمد بلوچ سے بلدیاتی امور کی بروقت انجام دہی پر تشکر کا اظہار کیا۔

Comments are closed.