شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی کے لیے حکومت کی طرف سے ایک اچھا اقدام

0
65

حکومت پنجاب نے شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی کے لیے آب پاک اتھارٹی قائم کر دی ہے،ضلعی سطح پر صاف پانی کے منصوبوں کی نشاندہی اور جامع حکمت عملی کی تشکیل کے سلسلہ میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل)انجم ریاض سیٹھی کی زیر صدارت ضلعی آب پاک کمیٹی کا پہلا اجلاس منعقد ہوا جس میں حکومتی ہدایات کی روشنی میں آب پاک اتھارٹی کے اغراض و مقاصد اور مستقبل کے لائحہ عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس میں حکومتی جماعت کے نمائندوں (رانا نذیر احمد خاں،رضوان اسلم بٹ، ظفر اللہ چیمہ،خالد پرویز ورک)،ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ سجاد منیر،ایکسیئن پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ ناصر اقبال اور دیگر شریک تھے۔
اجلاس کے شرکاء نے آب پاک اتھارٹی کے حکومتی اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی کا اقدام قابل ستائش ہے جس سے شہری اور دیہی علاقوں کے عوام کو صاف پانی میسر آ سکے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ پہلے سے چلنے والے واٹر فلٹریشن پلانٹس کو بھی مکمل طور پر آپریشنل کیا جائے اور جہاں فلٹر تبدیل کرنے کی ضرورت ہے وہاں فلٹر تبدیل کیا جائے اور جہاں بجلی کے بلز کی عدم ادائیگی اور دیگر وجوہات کے باعث فلٹریشن پلانٹس بند ہیں انہیں بھی مکمل طور پر آپریشنل کیا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ تمام علاقوں میں یکساں طور پراس منصوبے کے تحت واٹر فلٹریشن اور آر او پلانٹس لگائے جائیں تا کہ مضر صحت پانی سے پھیلنے والی بیماریوں کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے۔اجلاس میں مشترکہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ ایکسیئن پبلک ہیلتھ 10روز میں صاف پانی کے منصوبوں کے لیے تمام تحصیلوں،یونین کونسلز اور دیہاتوں میں مناسب جگہوں کی نشاندہی کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر دفتر کو رپورٹ ارسال کریں گے جس کے بعد دوبارہ اجلاس طلب کیا جائے گا تا کہ حکومتی ہدایات اور پالیسی کے تناظر میں سکیمیں منظور کرتے ہوئے حکومت پنجاب کو بھجوائی جا سکیں۔

Leave a reply