ضلع بھر کے رمضان بازاروں میں عوام کو معیاری اور سستی اشیاء کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے،ڈپٹی کمشنر

حافظ آباد(نمائندہ باغی ٹی وی)ڈپٹی کمشنر حافظ آباد نوید شہزاد مرزا کا کہنا ہے کہ ضلع بھر کے چاروں رمضان بازاروں میں عوام کو معیاری اور سستی اشیاء کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔ان رمضان بازاروں میں آٹا،چینی،دالیں،سبزیاں،فروٹ،بیسن،چاول،آلو،ٹماٹر،لیموں سمیت سیگر عام استعمال کی چیزیں سستے داموں دستیاب ہیں۔ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ رمضان بازاروں میں اب تک دس کلو گرام آٹے کے 7338تھیلے فروخت ہوئے جن میں حافظ آباد کے رمضان بازار میں 3615،پنڈی بھٹیاں میں 1422،جلاپور بھٹیاں میں 1601،اور سکھیکی میں 700تھیلے فروخت ہوئے۔انکا کہنا تھا کہ چاروں رمضان بازاروں میں 19800کلو گرام چینی بھی فروخت ہوئی۔حافظ آباد میں 10200کلو،پنڈی بھٹیاں میں 4850،جلاپور بھٹیاں میں 2000،اور سکھیکی میں 2750کلو گرام سبسڈائز چینی فروخت کی گئی۔انکا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر عوام کو رمضان المبارک کے دوران سستی اشیاء کی فراہمی کا سلسلہ ضلع بھر کے تمام رمضان بازاروں میں جاری ہے اور لوگوں کی ایک بڑی تعداد روزانہ کی بنیاد پر ان سستے رمضان بازاروں سے خریداری بھی کر رہی ہے۔