من پسند ٹھیکداروں کو نوازنے کے لئے ٹھیکدار پر تھپڑوں کی بارش کرکے اسے بھاگا دیا گیا

0
6

ضلع مظفرگڑھ کی آبی گزر گاہوں کی ضلع کونسل ہال مظفرگڑھ میں ٹینڈرنگ کے دوران مبینہ طور پر من پسند ٹھیکیداروں کو نوازنے پر ایک ٹھیکیدار نے شدید احتجاج کیا،احتجاجی ٹھیکیدار کو ضلع کونسل کے دیگر ٹھیکیداروں نے تھپڑ مارے،گالیاں نکالیں اور دھکے دے کر ٹینڈرنگ کے عمل سے باہر نکال دیا.متاثرہ ٹھیکیدار نے الزام عائد کیا ہے کہ ضلع کونسل کے افسران نے من پسند ٹھیکیداروں کو نوازنے کے لئے بولی کے وقت ہنگامہ آرائی کروائی.تفصیلات کیمطابق ضلع کونسل ہال میں آبی گزرگاہوں کی نیلامی کا عمل ضلعی انتظامیہ کی نمائندہ سیکرٹری آر ٹی اے عروج فاطمہ،چیف آفیسر عامر سلیم بھٹی اور ایکسیئن شیخ اشتیاق کی موجودگی میں شروع ہوا تو تحصیل علی پور کے رہائشی ایک ٹھیکیدار ملک محمد جمیل بوسن کو نیلامی کا حصہ بننے سے روک دیاگیا،آفیسران کا موقف تھا کہ مذکورہ ٹھیکیدار کا لائسنس زائدالمیعاد ہوچکا ہے،اس موقع پر ٹھیکیدار اور عملے میں توتکرار شروع ہوئی تو دیگر ٹھیکیدار بھی درمیان میں آگئے،نیلامی کی شفافیت اور عمل سے اختلاف رکھنے والے ٹھیکیدار محمد جمیل بوسن کو تھپڑ رسید کیے گئے،گالیاں دی گئیں اور دھکے دیکر نیلامی کے عمل سے باہر نکال دیا گیا.متاثرہ ٹھیکدار ملک محمد جمیل بوسن نے الزام عائد کیا ہے کہ من پسند ٹھیکیدار کو نوازنے کے لئے لائسنس کے زائد المیعاد ہونے کا بہانہ بنایا گیا جبکہ لائسنس کی مدت جون 2019 کو ختم ہورہی ہے اور نئے لائسنس کی فیس بھی وہ ادا کرچکے ہیں اور فیس کے چالان ساتھ منسلک کئے تھے تاکہ کوئی اعتراض نہ لگایا جائے تاہم پھر بھی بولی میں حصہ لینے سے زبردستی روکاگیا۔متاثرہ ٹھیکیدار نے ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا.

Leave a reply