فیصل آباد(محمد اویس)ڈپٹی کمشنر محمد علی نے کہا ہے کہ جشن عیدمیلادالنبیؐ کا تقاضا ہے کہ ہم سنت نبویؐ پر صدق دل سے عمل پیرا ہونے کا پختہ عہد کریں کیونکہ اسی سے ہماری دنیاوی واخروی زندگی سنور سکتی ہے۔انہوں نے یہ بات چوک گھنٹہ گھر میں سی پی اظہر اکرم اور مرکزی میلادکمیٹی کے ممبران کے ہمراہ جشن عیدمیلادالنبیؐ کا کیک کاٹنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل میاں آفتاب احمد،ایس ایس پی اپریشنز سید علی رضا،اسسٹنٹ کمشنر سٹی زوہا شاکر،منیر احمد نورانی اورمیلادکمیٹی کے دیگر ارکان کے علاوہ عاشقان رسولؐ کی بہت بڑی تعداد موجود تھی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سیرت مبارکہ سے ہمیں احترام انسانیت،صبروتحمل،امن و آشتی اور پیار ومحبت کا درس ملتا ہے ایسے اسلامی اقدار کو فروغ دیکر ہم ہر طرح مسائل پر قابو پاسکتے ہیں اور ایک فلاحی معاشرہ تشکیل پاسکتا ہے۔انہوں نے عیدمیلادالنبیؐ کے موقع پر مثالی اتحادو اتفاق کو سراہتے ہوئے کہا ہمیں قرآن وسنت کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا چاہیے جو کہ حب رسولؐ کا اہم ترتین تقاضا ہے۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ معاشرتی امن وسلامتی کو برقرار رکھنے کے لئے عام حالات اور خصوصاً مذہبی ایام اور تہواروں پر بھی انتظامی وحفاظتی اقدامات کے لئے ہمہ تن پرعزم ہے تاہم اس سلسلے میں کمیونٹی کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔انہوں نے میلادکمیٹی کے زیراہتمام جشن عیدمیلادکی تقریب کے انعقاد پر منتظمین کی کاوشوں کو سراہا۔سی پی او اظہر اکرم نے کہا کہ نبی آخرالزمانؐ سے گہری محبت ہمارا ایمان ہے اورہمیں سیرت النبی کو اپنی زندگیوں کا اوڑھنا بچھونا بنانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ضلعی پولیس نے عیدمیلادالنبیؐ کو شایان شان طریقے سے منانے کے لئے سخت ترین سیکورٹی انتظامات پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔منیر احمد نورانی نے کہا کہ عشق رسولؐ ہمارے ایمان کا حصہ ہے اورہم آپس میں مثالی اتحاد واتفاق ویگانگت کے ذریعے حضرت محمدؐ سے گہری عقیدت کا اظہار کررہے ہیں۔ میلادکمیٹی کے دیگرارکان نے جشن عیدمیلادالنبیؐ کے جلوسوں کی بہترین سیکورٹی اوردیگر انتظامات پرعمدہ انداز میں عملدرآمد کے سلسلے میں ضلعی انتظامیہ وپولیس کی موثر اورجامع حکمت عملی کو سراہا اور تقریب میں شرکت پر ڈپٹی کمشنر،سی پی او اور دیگر کا شکریہ ادا کیا۔تقریب کے اختتام پر ملک وقوم کی ترقی وسربلندی اورامن وآشتی کی خصوصی دعا بھی کی گئی۔
۔۔۔///۔۔۔
جملہ حقوق محفوظ ہیں۔ باغی ٹی وی 2025