فیصل آباد اور ملتان میں گڈز ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال تاحال جاری
فیصل آباد (محمد اویس) فیصل آباد اور ملتان میں گڈز ٹرانسپوٹرز ایسوسی ایشن کی ہڑتال تیسرے روز بھی جاری رہی جس کی وجہ سے برآمدی اور درآمدی سامان کی ترسیل معطل ہے ۔گڈز ٹرانسپوٹرز نے ملتان میں بھی موٹروے پر جرمانوں میں اضافے اور ٹول ٹیکس میں اضافے کے خلاف ہڑتال کر رکھی ہے ہڑتال کے باعث کنٹینرز اور ٹرکوں کے ذریعے تمام قسم کے سامان کی ترسیل مکمل طور پر بند ہے جس سے کاروباری طبقے کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ کنٹینرز ایسوسی ایشن کے سینئر نائب صدر زاہد رفیق کا دعویٰ ہے کہ 3 روز کے دوران اب تک ڈیڑھ ہزار کنٹینرز کی فیصل آباد سے روانگی نہیں ہوسکی ۔انہوں نے کہا کہ ایکسل لوڈ کنٹرول پر عملدرآمد ، روٹ پرمٹ اور ٹوکن فیس میں اضافہ واپس لینے سمیت 10 نکاتی مطالبات تسلیم ہونے تک ان کی ہڑتال جاری رہے گی۔