فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی کے زیراہتمام کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے واک
فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی کے زیراہتمام کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی اور بھارتی فوج کے ظلم وستم کی مذمت کے لئے مختلف پروگرامز کا اہتمام کیا گیا جس میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظفر علی چوہدری،میڈیکل سپرنٹنڈنٹس الائیڈ وڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال ڈاکٹر خرم الطاف و ڈاکٹر خالد فخر،فیکلٹی ممبرز،میڈیکل طلباء اور پیرامیڈیکل سٹاف نے شرکت کی۔اس موقع پر فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی سے الائیڈ ہسپتال تک انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی گئی اور اس سے قبل کشمیری مجاہدین کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔بعدازاں شرکاء نے ”کشمیر بنے گا پاکستان“۔”کشمیریوں پر مظالم بند کرو“کے فلک شفاف نعرے لگائے گئے۔فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی آڈیٹوریم میں کشمیر کے مسئلہ پر سیمینار اور طلباء کے مابین تقریری مقابلے بھی منعقد ہوئے جن میں حق خود ارادیت کے لئے کشمیریوں کی جدوجہد کو اجاگر اور مقبوضہ کشمیر پر انڈیا کے ناجائز تسلط کو ختم کرنے کے لئے عالمی طاقتوں کو اپنا کردار ادا کرنے کا احساس دلایا گیا۔اس سے قبل الائیڈ ہسپتال سے فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی تک واک منعقد ہوئی جس کی قیادت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظفر علی چوہدری نے کی۔واک کے شرکاء نے کشمیری بھائیوں سے یکجہتی اور بھارتی افواج کے ظلم وبربریت کے خلاف نعروں پر مشتمل پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے۔
۔۔۔///۔۔۔