فیصل آباد میں بچوں کے تحفظ کے حوالے سے آگاہی واک
فیصل آباد ( نمائندہ باغی ٹی وی ) چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو کے زیر اہتمام بچوں کے تحفظ کے حوالے سے شعور اجاگر کرنے کے لئے آگاہی واک منعقد ہوئی جو کوہ نور پلازہ جڑانوالہ روڈ سے شروع ہو کر مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی واپس اسی مقام پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔واک کی قیادت ڈسٹرکٹ آفیسر چائلڈ پروٹیکشن اعجاز اسلم ڈوگر نے کی جبکہ ڈی ایس پیز ٹریفک ساجدہ اعوان‘ زاہدہ پروین‘ سماجی رہنما ڈاکٹر جعفر حسن مبارک‘ چائلڈ پروٹیکشن آفیسر روبینہ اقبال چیمہ‘ وقاص وڑائچ‘ عبدالقیوم کے علاوہ این جی اوز کے نمائندے اور شہری بھی شریک تھے۔ واک کے شرکاء بچوں نے تعلیم ہمارا بنیادی حق ہے۔ چائلڈ لیبر نامنظور اور دیگر تحریروں پر مشتمل بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ آفیسر نے کہا کہ بچوں کا تحفظ ہم سب کی ذمہ داری ہے اس مقصد کے لئے چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو متحرک ہے اور سڑکوں‘ چوراہوں پر بھیک مانگنے والے بچوں کو تحویل میں لے کر ان کے ورثاء کی کونسلنگ کی جارہی ہے۔ انہوں نے شہریوں سے کہا کہ وہ لاوارث‘ بے سہارا بچوں کے بارے میں ہیلپ لائن 1121 پر اطلاع کریں جنہیں ترجیحی بنیادوں پر ریسکیو کیا جارہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بیورو میں مقیم بچوں کی تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ مرکوز ہے۔ اس موقع پر چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی طرف سے ڈی گراؤنڈ‘ ستیانہ روڈ‘ ریلوے اسٹیشن چوک اور دیگر جگہوں پر شہریوں میں بچوں کے حقوق کے تحفظ کے حوالے سے معلوماتی پمفلٹس بھی تقسیم کئے گئے۔