فیصل آباد میں پلانٹ فار پاکستان مہم کے سلسلے میں پودے لگا دئیے گئے

فیصل آباد ( نمائندہ باغی ٹی وی )وزیراعظم عمران خان کی ”پلانٹ فار پارکستان“مہم کے سلسلے میں ڈپٹی کمشنر طارق خان نیازی اور چیئرمین پی ایچ اے/ایم پی اے لطیف نذر نے گورنمنٹ ٹیکنیکل ہائی سکول پیپلز کالونی میں پودے لگائے۔سی ای او ایجوکیشن علی احمد سیان،پرنسپل ادارہ میاں عبدالرؤف،اسسٹنٹ ڈائریکٹر سکولز ایجوکیشن سردار محمد ساجد،اساتذہ اور طالب علم بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پلانٹ فار پاکستان مہم ماحولیاتی تحفظ اور وطن عزیز کو سرسبز وشاداب بنانے کے لئے انتہائی اہم انقلابی اقدام ہے جو کو مربوط اندازمیں کامیاب بنائیں گے۔انہوں نے شجرکاری مہم کو قومی فریضہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہر شہری کو اپنے حصے کا پودا لگا کر اسکی نگہداشت کی ذمہ داری پوری کرنی چاہیے۔انہوں نے طالب علموں سے کہا کہ وہ درختوں کی اہمیت وافادیت سے آگاہ رہیں اور ملک کو سرسبز وشاداب بنانے کے لئے اپنی ذمہ داریاں نبھائیں۔چیئرمین پی ایچ اے /ایم پی اے نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق شجرکاری مہم پر بھرپور انداز میں عملدرآمدجاری ہے اور موسم برسات کی مہم کو بھی کامیاب بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ اشجار قدرت کا خوبصورت شاہکار ہیں اور پلانٹ فار پاکستان مہم میں حکومت سمیت تمام طبقات کی بھرپور شرکت ناگزیر ہے۔سی ای او ایجوکیشن نے بتایا کہ موسم برسات کی شجرکاری مہم کے دوران ضلع بھر کے سرکاری تعلیمی اداروں میں وسیع تعداد میں پودے لگائے جائیں گے۔انہوں نے بتایا کہ مہم کے افتتاح کے موقع پر 18مختلف تعلیمی اداروں میں مختلف اقسام کے پودے لگائے گئے ہیں۔