محکمہ ایکسائز راولپنڈی کی جائیدادوں کی تشخیص نو کے لیے مالکان کو ڈیڈ لائن
راولپنڈی۔ (اے پی پی) محکمہایکسائز اینڈ ٹیکسیشن راولپنڈی نے جائیدادوں کی تشخیص نو کے لیے مالکان کو 30 ستمبر تک کوائف جمع کرانے کی ہدایت کی ہے اور خبردار کیا ہے کہ مقررہ ڈیڈ لائن کے بعد محکمہ ازخود اسیسمنٹ پروسیس کا آغاز کردے گا ۔دستیاب معلومات کے مطابق محکمہ ایکسائز راولپنڈی نے آئندہ پانچ برس کے لیے جائیدادوں کی تشخیص نوکا فیصلہ کیا ہے،یہ اسیسمنٹ جائیدادوں کی موجودہ کرائے کی بنیاد پر ہوگی،غلط معلومات پر ایکسائز اسیسمنٹ حتمی تصور ہو گی۔ڈائریکٹر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن راولپنڈی چوہدری محمد سہیل ارشد نے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ انڈر ریٹنگ ایریا راولپنڈی شہر،مری، ٹیکسلا،گوجر خان،کلر سیداں، ضلع راولپنڈی سے ملحقہ قومی و صوبائی شاہرات اور مو ٹروے کی جائیدادوں کی نئی اسیسمنٹ برائے مالی سال 2020-21ء تامالی سال 2024-25ء موجودہ کرایوں کی روشنی میں کی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ اس لیے مالکا ن بشمول قابضان،کرایہ داران،پٹہ داران، مکانات دکانات، کارخانہ جات ودیگر جائیدادمالکان کو متنبع کیا جاتا ہے کہ جائیداد کی نئی اسیسمنٹ کے لیے ایکسائز دفتر سے فارم پی ٹی 4 حاصل کر کے ضروری کارروائی کریں۔انہوں نے کہاکہ اپنی جائیداد کے کرایہ جات بابت مالی سال 2019-2020ء اور دیگر کوائف درست طور پر درج کرکے کمپیوٹر ائز قومی شناختی کارڈ کی فوٹو کاپی اور موبائل نمبر کے ہمراہ ایک ماہ کے اندر(30ستمبر تک) نازیہ جاوید ای ٹی او پراپرٹی ٹیکس زون (I&IV) راولپنڈی،تجمل ارتضٰی علی ای ٹی او پراپرٹی ٹیکس زون (II) راولپنڈی اورمحمد سمیرای ٹی اوپراپرٹی ٹیکس زون (III) راولپنڈی یامتعلقہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر /اسیسنگ اتھارٹی کے دفتر میں جمع کروائیں۔ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر ایڈمن و پراپرٹی ٹیکس زون (III) راولپنڈی محمد سمیر نے ایک سوال کے جواب میں بتایاکہ جائیداد کی درست معلومات نہ دینے کی صورت میں محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کی طرف سے تجویز کردہ سالانہ تشخیص حتمی تصور ہوگی،تاہم کسی جائیداد کی ملکیت میں کسی قسم کی ترمیم /تبدیلی کے لیے ثبوت کے ہمراہ علیحدہ درخواست دینا لازم ہوگا۔