وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان کی ہدایت.

0
81

وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان کی ہدایت کی روشنی میں میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کے وسائل اور ضروریات کا جائزہ لینے کے لئے وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ میں اعلیٰ سطحی اجلاس کا انعقاد ہوا، وزیراعلیٰ کے مشیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ملک نعیم خان بازئی،وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکریٹری نورالامین مینگل، سیکریٹری بلدیات صالح ناصر، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ طاہر عباسی او ر دیگر متعلقہ حکام اجلاس میں شریک ہوئے جبکہ ایڈمنسٹریٹر کیو ایم سی طارق مینگل کی جانب سے اجلا س کو محکمانہ امور پر بریفنگ دی گئی، انہوں نے کیو ایم سی کے وسائل، دستیاب افرادی قوت اور درپیش مسائل کے علاوہ کیوایم سی کی ضروریات، شہر کی بہتری کے مجوزہ منصوبوں اور صفائی کی جاری خصوصی مہم کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کیا، اجلاس میں صوبائی کابینہ کے فیصلے کی روشنی میں سریاب اور کچلاک کی چار یونین کونسلوں کی کیو ایم سی میں شمولیت کے تناظر میں کیو ایم سی کی از سرنو حد بندی اور کچلاک سب تحصیل کو میونسپل کمیٹی کا درجہ دینے کے فیصلے پر عملدرآمد کا جائزہ بھی لیا گیا، اجلاس میں کوئٹہ میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے تحت کچرے کی ری سائیکلنگ کا منصوبہ بھی زیر بحث آیا، اس موقع پر وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکریٹری نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان کوئٹہ کی تعمیر وترقی اور شہریوں کو بہتر شہری سہولتوں کی فراہمی میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں، کوئٹہ ترقیاتی پیکج کے لئے رواں مالی سال میں خطیر فنڈز مختص کئے گئے ہیں جس کے تحت سریاب سمیت شہر بھر میں ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد جاری ہے، انہوں نے کہا کہ شہر کی بہتری اور ترقی کا سب سے اہم اور ذمہ دار ادارہ کیو ایم سی ہے لہٰذا وزیراعلیٰ کی خواہش ہے کہ کیوایم سی کو ضروری وسائل اور مطلوبہ افرادی قوت مہیا کرکے اپنی ذمہ داریوں سے بہتر طریقے سے عہدہ برآ ہونے کے قابل بنایا جائے اور آج کے اجلا س میں کئے جانے والے فیصلوں اور سفارشات کو وزیراعلیٰ کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ اجلاس میں کیوایم سی کو نئی شامل ہونے والی یونین کونسلوں میں بھی صفائی کی مہم سمیت دیگر شہری سہولتوں کی فراہمی کے منصوبوں میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ کچرہ ڈمپ کرنے کے لئے شہر کے چار مقاما ت پر کیو ایم سی کو اراضی کی فراہمی کی منظوری بھی دی گئی اورنئے فائر اسٹیشنز کے قیام، فائر بریگیڈ گاڑیوں، صفائی کی مشینری اور گاڑیوں کی خرید کے لئے کیو ایم سی کو محکمہ بلدیات کے توسط سے سمری ارسال کرنے کی ہدایت کی گئی۔ اجلاس میں کیو ایم سی کو کوئٹہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ساتھ حل طلب امور کو جلد از جلد طے کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔

Leave a reply