پی ڈی ایم والے دل کھول کر مارچ کریں، یہی گھوڑا اور یہی میدان ہے، معاون خصوصی وزیر اعلیٰ ڈاکٹر فردوس کی (ن) لیگ کو للکار اورطنزوں کی بوچھاڑ سب مخالفین کے پول کھول دیئے۔

0
8

پاکستان میں ایک بھی ایسا ہسپتال نہ بنایا گیاجہاں شاہی خاندان کے افراد اپنا علاج کروا سکیں
وائسرائے ہند کی طرح یہ لوگ پاکستان حکومت کرنے آتے ہیں، معاون خصوصی وزیر اعلیٰ ڈاکٹر فردوس کا کہنا ہےتھا کہ ظل سبحانی نے جس ایون فیلڈ سے انکار کیا آج وہاں شان سے مقیم ہیں ، اقتدار سے محرومی پر عوام کو لاورث چھوڑ کر اپنے بچوں کے پاس جانا ان کا وطیرہ ہے۔
ایک طرف دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے پناہ گاہیں اور لنگر خانے تعمیر کئے جا رہے ہیں جبکہ دوسری طرف ایون فیلڈ فلیٹ، جاتی امرا ء محل اور سرے محل تعمیر کئے گئے۔ تحریک انصاف کی حکومت عوام کو علاج کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کیلئے صحت انصاف کارڈ مہیا کر رہی ہے دوسری طرف 35سال تک باریاں لینے والے ظل سبحانی نے پنجاب پر نحوست کو مسلط رکھا اور پاکستان میں ایک بھی ایسا ہسپتال نہ بنایا جہاں شاہی خاندان کے افراد اپنا علاج کروا سکیں۔
نواز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ ظل سبحانی کے کالے کرتوت بین الاقوامی سطح پر عیاں ہوئے، براڈ شیٹ کی چارج شیٹ ن لیگ کے خوشامدیوں کی آنکھیں کھولنے کیلئے کافی ہے۔ن لیگ والے چوری اور اوپر سے سینہ زوری کر رہے ہیں۔کنیز اول حکومت پر برستی رہتی ہیں، نادان درباریوں سے کہتی ہوں کہ ظل سبحانی ہجرت کرچکے ہیں۔
عوام جواب چاہتے ہیں پریس کانفرنس کے بدلے پریس کانفرنس نہیں چاہتے۔ کشمیر کمیٹی کا چئیرمین ہوتے ہوئے مولانا نے مقبوضہ کشمیر پر چڑھائی کا اعلان کیوں نہ کیا۔مودی کی بجائے مولانا کا رخ پنڈی کی جانب ہوتا ہے۔ہم منتظر ہیں کہ پی ڈی ایم کب اعتراف جرم کرے گی ۔ پی ڈی ایم والے دل کھول کر مارچ کریں،یہی گھوڑا اور یہی میدان ہے۔عمران خان اور آرمی چیف ایک پیج پر ہیں.دونوں کا مقصد دہشت گردی کا خاتمہ ہے.
معاون خصوصی وزیر اعلیٰ کا کہنا ہے کہ مشکل پڑنے پر مولانا کو بھی زرداری اور نواز شریف اپنے پاؤں کے نیچے دبا لیں گے۔
ان خیالات کا اظہار معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے داتا دربار پناہ گاہ کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بزدار حکومت غریب، بے سہارا، نادار اور مستحقین کے حقوق کی پاسدار ہے۔ماضی کے ڈرامے بازوں اور شوبازوں کے برعکس عوام کے وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق بزدار حکومت معاشرے کے کمزور طبقہ کے حقوق کا تحفظ کرتے ہوئے پناہ گاہوں اور لنگرخانوں کا قیام عمل میں لائی ہے۔ وزیراعلی عثمان بزدار کی زیرسرپرستی پناہ گاہوں میں مقیم افراد کوبہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جارہی ہے۔
پناہ گاہوں کا منصوبہ غریب اور مستحق افراد کیلئے ہے۔مخیر حضرات کا شکریہ ادا کرتی ہوں جنہوں نے پناہ گاہوں کی تعمیر میں حصہ لیا.پناگاہوں میں معیاری کھانا مہیا کیا جاتا ہے. حکومت نے باہمت بزرگ اور وسیلہ پروگرام کے ذریعے بوڑھے بزرگوں کی ذمہ داری اٹھائی۔حکومت کبھی اپنے پسے ہوئے طبقات کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔ معاون خصوصی نے پناہ گاہ میں شہریوں کو دی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا اور وہاں مقیم افراد کے ساتھ کھانا بھی کھایا۔

Leave a reply