اشیائے ضروریہ کی سرکاری طور پر مقررہ قیمتوں پر فروخت کویقینی بنایا جائے۔ صوبائی وزیر حافظ ممتاز

0
29

فیصل آباد (محمد اویس ) صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکیشن حافظ ممتاز احمد نے کہا ہے کہ اشیائے ضروریہ کی سرکاری طور پر مقررہ قیمتوں پر فروخت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور مہنگائی مافیا کو من مانی کے ذریعے عوام کا استحصال نہیں کرنے دیں گے۔ انہوں نے یہ بات وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایات پر مختلف بازاروں اور سٹورز پر کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتیں چیک کرتے ہوئے کہی۔ ڈپٹی کمشنر محمد علی بھی ان کے ہمراہ تھے جبکہ اسسٹنٹ کمشنر سٹی زوہا شاکر اور مارکیٹ کمیٹی کا سٹاف بھی موجود تھا۔ صوبائی وزیر اور ڈپٹی کمشنر ماڈل بازار جھنگ روڈ‘ ایس بی سٹور جھنگ روڈ اور دیگر علاقوں میں بازاروں و سٹورز پر گئے اور پھل‘ سبزیوں‘ دالوں‘ چاول‘ بیسن‘ آٹا‘چینی و دیگر اشیائے خورد و نوش کی مقرر کردہ قیمتوں کے مطابق فروخت کو چیک کیا۔ انہوں نے دکانداروں سے بعض پھلوں و سبزیوں کے ریٹس دریافت کرتے ہوئے تاکید کی کہ نرخناموں کے مطابق ہی اشیاء فروخت ہونی چاہیں بصورت دیگر جرمانوں اور دیگر سزاؤں سے گریز نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے ایس بی سٹور میں کچھ اشیاء پر نرخناموں کی عدم موجودگی پر وارننگ دی اور اپنی نگرانی میں دالوں و دیگر اشیاء کا وزن بھی چیک کیا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے بعض اشیاء کی قیمتوں پر سو فیصد عملدرآمد کرانے کی سخت ترین ہدایات جاری کی ہیں اس سلسلے میں وہ ضلع بھر میں مارکیٹوں‘ بازاروں‘ سٹوروں پر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو چیک کر رہے ہیں جس کا سلسلہ مستقل بنیادوں پر جاری رہیگا۔ انہوں نے صارفین سے اشیاء کی قیمتوں اور کوالٹی کے بارے میں دریافت کرتے ہوئے کہا کہ غریب عوام کو ریلیف کی فراہمی پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ صوبائی وزیر نے ضلعی انتظامیہ کے افسران سے کہا کہ وہ مارکیٹوں‘ بازاروں کے باقاعدگی سے دورے کرکے قیمتوں کو چیک کریں اور اوورچارجنگ کرنے والوں کو پکڑ کر جیل بھجوائیں تاکہ کسی کو زائد قیمت وصول کرنے کی جرات نہ ہو۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ضلع بھر کے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو اوورچارجنگ کی روک تھام کے لئے متحرک کر رکھا ہے جبکہ ان کی کارکردگی کو بھی تسلسل کے ساتھ چیک کیا جارہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ صبح سویرے پھل و سبزی منڈی کا دورہ کرکے پیاز‘ آلو‘ ٹماٹر و دیگر اشیاء کی نیلامیوں کے عمل کا بھی جائزہ لیاجارہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام ماڈل بازار جھنگ روڈ میں صارفین کو معاشی ریلیف فراہم کرنے کے لئے اشیائے ضروریہ عام بازاروں سے رعایتی نرخوں پر فروخت کی جارہی ہیں جس سے بڑی آبادی مستفید ہو رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کے ویژن کے مطابق صارفین کو کنٹرول قیمتوں پر اشیاء ضروریہ کی دستیابی یقینی بنائے جائے گی۔
۔۔۔///۔۔۔

Leave a reply