الائیڈ ہسپتال فیصل آباد میں 3 منزلہ شیلٹر ہوم کی تعمیر کا آغاز کردیا گیا

0
38

فیصل آباد، وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق الائیڈ ہسپتال میں ابتدائی طور پر تین منزلہ شیلٹر ہوم تعمیر کیا جارہا ہے جس کی دو منازل پر مریضوں کے لواحقین کے لئے آرام دہ قیام کی سہولیات میسر آئیں گی جبکہ تیسری منزل پر طویل دورانیہ کے قیام کے مریضوں کے علاج معالجہ کا شعبہ قائم ہوگا جس کے لئے الحمرا ویلفیئر ٹرسٹ کا مالی تعاون حاصل ہے۔اس شیلٹر ہوم کا باقاعدہ سنگ بنیاد صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے دورہ فیصل آباد کے دوران کیا۔اس موقع پر وائس چانسلر فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی ڈاکٹر ظفر علی چوہدری،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس عاصمہ اعجاز چیمہ،ایم پی اے عادل پرویز گجر،الحمراء ویلفیئر ٹرسٹ کے محمد ارشداچھی اوردیگر بھی موجود تھے۔صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ پناہ گاہوں (شیلٹر ہومز)کے قیام کے فلاحی منصوبوں سے متعلق ملکی تاریخ میں پہلی بار موجودہ وزیراعظم عمران خان نے سوچا ہے جس کو عملی جامعہ پہنانے کے لئے وسائل یافتہ افراد آگے آرہے ہیں جو کہ ایک عظیم کار خیر ہے۔انہوں نے الائیڈ ہسپتال میں شیلٹر ہوم وطویل دورانیہ کے وارڈ کے قیام کے سلسلے میں خطیر مالی تعاون پر الحمرا ویلفیئر ٹرسٹ کے چیئرمین محمد ارشد اچھی کے جذبہ خدمت کو سراہا اور کہا کہ فیصل آباد کے مخیر حضرات نے فلاحی اقدامات میں ہمیشہ بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے اور شیلٹر ہوم کے منصوبہ میں معاونت قابل ستائش اقدام ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے ویژن کے مطابق صوبہ بھر میں پردیسی افراد کو رات گزارنے کے لئے چھت میسر کرنے کی خاطر پاکستان بھر کے مختلف شہروں میں شیلٹرہومز قائم کئے جارہے ہیں اورالائیڈ ہسپتال میں پناہ گاہ کا قیام بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے جس کی بدولت مقامی ودیگر شہروں سے آنے والے مریضوں کے لواحقین ورشتہ داروں کو قیام کرنے کی سہولت میسر آئے گی۔

Leave a reply