ایف ڈی اے کی ذمہ داریوں کو پیری اربن پلان کی حدود تک وسعت دینے کے منصوبے پر غوروخوض کیا جارہا ہے۔ ڈی جی ایف ڈی اے سہیل خواجہ

0
56

فیصل آباد (محمد اویس) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد سہیل خواجہ نے کہا ہے کہ ایف ڈی اے کی ذمہ داریوں کو پیری اربن پلان کی حدود تک وسعت دینے کے منصوبے پر غوروخوض کیا جارہا ہے تاکہ شہری ترقی میں وسعت لا کر فیصل آباد کو شایان شان مقام دیا جاسکے۔انہوں نے اس امر کا انکشاف ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس میں ایف ڈٰ اے کے مختلف شعبوں کے افسران نے شرکت کی۔ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ فیصل آباد کی تعمیروترقی اور خوبصورتی کے منصوبوں پر عمل درآمد کرنے کے علاوہ شہری سہولیات پیری اربن پلان کی حدود تک پہنچانے کا ارادہ رکھتے ہیں جس کے لئے موثر اور ٹھوس لائحہ عمل ترتیب دیکر سروسزکے معیار اورپھیلاؤ میں اضافہ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر پل انڈر پاس سمیت تمام ترترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے کے علاوہ ایف ڈی اے کے زیراہتمام سوشل ایکشن پروگرام شروع کیا جائے گا جس کے تحت عوامی فلاح وبہبود اور انسانیت کی بھلائی کیلئے مختلف فلاحی منصوبے زیرغور ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایف ڈی اے سٹی کی تیزرفتارآبادی میں حائل تمام رکاوٹوں کو دور کرنے کے لئے نتیجہ خیز اقدامات کئے جارہے ہیں اس مقصد کے لئے بجلی،پینے کے صاف پانی،پارکس کی ڈویلپمنٹ،مساجد کی تعمیر اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کا دائرہ مزید وسیع کیا جارہا ہے۔ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے بتایا کہ واسا کی سروسز کو بھی مزید بہتر اور وسیع بنایا جارہا ہے اسی مقصد کے لئے واٹر سپلائی اور سیوریج لائنز کا نظام ان سہولتوں سے محروم دوردراز کی آبادیوں تک لے جائیں گے۔انہوں نے افسران سے کہا کہ وہ ایف ڈٰ اے کی سروسز کے معیار میں مزید اضافہ کرکے عوامی اعتماد کو مضبوط بنائیں۔اجلاس کے دوران ترقیاتی منصوبوں کی تعمیراتی پیشرفت اور ایف ڈی اے سٹی کے مسائل کا جائزہ لینے کے علاوہ شہری ترقی وخوبصورتی کے مجوزہ منصوبوں پر غور کیا گیا۔

Leave a reply