بھارتی جارحیت کیخلاف فیصل آباد کے تعلیمی اداروں میں واکس و سیمینار منعقد کیے گئے

0
57

فیصل آباد (نمائندہ باغی ٹی وی)حکومت پنجاب کی ہدایات پر کشمیری بھائیوں سے یکجہتی اور لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت کے خلاف ضلع بھر کے تعلیمی اداروں کے زیر اہتمام واکس و سیمینار منعقد ہوئے جس میں طالب علموں و سول سوسائٹی کے افراد نے انڈین فوج کے مظالم کی بھر پور انداز میں مذمت کی۔ اس ضمن میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کے زیر اہتمام کشمیریوں سے اظہار یکجہتی واک ایم سی بوائز ہائر سکینڈری سکول کوتوالی روڈ سے شروع ہو کر کچہری بازار چوک‘پریس کلب سے ہوتی ہوئی ضلع کونسل چوک پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔ واک میں سی ای او ایجوکیشن علی احمد سیان‘ پرنسپل ادارہ راؤ اقبال‘ڈی او سکینڈری چوہدری خالد اختر کے علاوہ محکمہ تعلیم کے دیگر افسران‘ اساتذہ‘ طالب علم اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد واک میں شریک تھے۔ واک کے شرکاء نے بھارتی مظالم کے خلاف تحریروں پر مشتمل بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے۔اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے سی ای او ایجوکیشن نے کہا کہ کشمیری عوام کے ساتھ بھارتی افواج کے ظلم و ستم اور غیر انسانی سلوک کی شدید مذمت کرتے ہیں۔انہوں نے کشمیری عوام سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی قربانیوں کو سلام پیش کیا اور کہا کہ شہیدوں کا خون ضرور رنگ لائے گا۔ دیگر مقررین نے کشمیریوں کی آزادی کے لئے لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم کے دل کشمیری بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں پوری قوم جدوجہد آزادی میں کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے۔

Leave a reply