تنظیم اسلامی کے زیر انتظام دورہ ترجمہ قرآن کا اہتمام

0
82

تنظیم اسلامی کے زیر اہتمام نماز تراویح مع دورہ ترجمہ قرآن و مختصر تشریح کا آغاز شہنائی شادی ہال شیخوپورہ میں یکم رمضان المبارک سے ہی کر دیا گیا تھا جس میں طریقہ کار یہ رکھا گیا کہ پہلی چار رکعات میں قرآن حکیم کا جو حصہ تلاوت کیا جانا ہوتا تھا محترم جناب نثار شفیق صاحب اس کا لفظ با لفظ ترجمہ و تشریح بیان کرتے تھے پھر حفاظ کرام کی اقتداء میں وہ حصہ مقتدی سنتے اس کا فائدہ یہ ہوتا کہ تلاوت کی جانی والی آیات مبارکہ کا مفہوم نمازیوں کے ذہن میں موجود ہوتا جس سے انہیں تلاوت قرآن سننے میں سرور بھی حاصل ہوتا اور اللہ رب العالمین کے احکامات سے عوام الناس کو آگاہی بھی حاصل ہوتی تھی۔

نمائندہ باغی ٹی وی محمد فہیم شاکر کی امیر تنظیم اسلامی شیخوپورہ جناب شکیل احمد صاحب سے ہوئی ایک نشست میں یہ تمام تر تفصیلات فراہم کی گئیں جنہیں عوام کے استفادہ کی خاطر پیش کیا جا رہا ہے۔

ایک غیر سیاسی جماعت تنظیم اسلامی، ایک اصولی،اسلامی ، انقلابی جماعت ہے جو پہلے پاکستان اور بالآخر کل روئے زمین پر اللہ کے دین کے غلبے، یعنی اسلام کے نظام عدل اجتماعی کے قیام، یا بالفاظ دیگر "اسلامی انقلاب” اور اس کے نتیجے میں "نظام خلافت علیٰ منہاج النبوت” کے قیام کے لئے کوشاں ہے۔

مساجد کو چھوڑ کر شادی ہالز میں ایسے دروس کروانے کے حوالے سے بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چونکہ تمام تر مساجد میں ایسے نمازیوں کی کثرت ہوتی ہے جو تنظیم اسلامی کے تحت ہونے والے اس نماز تراویح مع دورہ ترجمہ قرآن و مختصر تشریح سے ناواقفیت رکھتے ہیں اور ابھی اس ترتیب کا مزاج نہیں ہے اس لئے ان کا حق ہے کہ ان کو مقامی مساجد میں معروف ترتیب کے تحت تراویح ادا کرنے دی جائے ۔جبکہ اس طرح کے شادی ہالزمیں انعقاد کا یہ فائدہ ہے کہ حضرات و خواتین اپنی آزادانہ مرضی سے کل وقتی یا جز وقتی شرکت کر سکتے ہیں

عموما رات کے 1 سے ڈیڑھ بجے تک یہ دورہ ترجمہ قرآن چلتا ہے جبکہ ویکنڈ میں عوام کی تعداد بڑھ جانے کے سبب یہ سلسلہ دو سے اڑھائی بجے تک جاری رہتا ہے۔

اس منفرد نماز تراویح کے پروگرام کے دوران کچھ دیر کے لیے ہلکا پھلکا کھانے کا اہتمام بنام ریفریشمنٹ بھی ہوتا ہے جس میں تنظیم کوشش کرتی ہے کہ چائے کے ساتھ کچھ کھانے کو بھی ہو لیکن لوگوں کی قرآن سے محبت دیکھیے کہ ہر کوئی چلا آرہا ہے اور کچھ نہ کچھ اپنی طرف سے لا رہا ہے کہ ہماری طرف سے نمازیوں کی خدمت کے لیے یہ حاضر ہے تنظیم لوگوں کو ایسا کرنے کی اپیل نہیں کرتی لیکن ازخود کرنے والوں کے انفاق کو قبول کرتی ہے۔

شکیل صاحب کا کہنا تھا کہ شیخوپورہ کی تاریخ میں ایسا پہلی بار ہو رہا ہے کہ اس انداز سے دورہ ترجمہ قرآن کا اہتمام کیا جا رہا ہے اس پر مختلف علماء کی جانب سے توصیفی کلمات بھی کہے گئے ہیں کہ انہوں نے نماز تراویح کے اس منفرد انداز کو سراہا ہے۔

تنظیم کا اس سب کے اہتمام کا مقصد لوگوں کے دلوں میں قرآن کی محبت رائج کرنا ہے تاکہ لوگ مکمل طور پر اپنے آپ کو قرآن کے رنگ میں رنگ لیں اور رجوع الی القرآن کی تحریک میں خود کو شامل کر سکیں۔

اس دورہ ترجمہ قرآن میں آنے والے عموما وہ لوگ ہیں جنہیں اس قبل شاید ہی کبھی ترجمہ قرآن کلاس اٹینڈ کی

شکیل صاحب نے مزید بتایا کہ چونکہ شیخوپورہ کی تاریخ میں پہلی بار شادی ہال میں دورہ ترجمہ قرآن اور نماز تراویح کا انعقاد ہونے جا رہا تھا تو ہم سب فکر مند بھی تھے کہ معلوم نہیں اس میں کہاں تک کامیابی ہوتی ہے۔لیکن یہ محض اللہ کا فضل تھا کہ نہ صرف ہم اس میں کامیاب بھی ٹھہرے بلکہ تمام امور کے حوالے سے اللہ نے ہمیں بے نیاز کر دیا اور اللہ سبحانہ و تعالیٰ کے خصوصی فضل سے تمام معاملات بحسن خوبی تکمیل پذیر ہو رہے ہیں اور الحمد اللہ کہ سینکڑوں کی تعداد میں حضرات و خواتین اس تاریخی و منفر د نماز تراویح مع مکمل دورہ ترجمہ و مختصر تشریح میں بہت اہتمام سے شرکت فرما رہے ہیں۔ اس پر اللہ کا جتنا بھی شکر ادا کیا جائے، کم ہے.

اس ملاقات کے بعد راقم کا تجسس بہت حد تک کم ہو چکا تھا کہ یہ سب کیسے ممکن ہوا۔

شکیل صاحب نے مقصد تنظیم اسلامی کے جواب میں فرمایا کہ تنظیم اسلامی چار دینی فرائض کی ادائیگی کے لئے کوشاں ہے۔ حصول ایمان حقیقی، خود اللہ کا بندہ بننا، اللہ کی بندگی کی لوگوں کو دعوت دینا اور اللہ کی بندگی والے نظام کی جدوجہد کرنا ۔

اللہ سے دعا ہے کہ وہ شکیل صاحب اور ان کے رفقاء کی اس محنت کو قبول فرما کر ذخیرہ آخرت بنا لے اور دنیا و آخرت میں انہیں اس کا اچھا بدلہ عطا فرمائے

اور جس نیک نیتی سے یہ احباب لوگوں کے دلوں میں قرآن کی محبت جاگزیں کرنے نکلے ہیں اس میں کامیاب ٹھہریں اور لوگوں کو حقیقی معنوں میں اپنی زندگیاں قرآنی احکامات کی روشنی میں ڈھالنے کی توفیق نصیب ہو۔ اللہ رب العزت تنظیم اسلامی کی رجوع الی القرآن اور غلبہ و اقامت دین کی جدوجہد میں مددفرمائے۔

آمین یا رب العالمین

Leave a reply