تکنیکی تعلیم کی فراہمی سے ہیومن ریسورس کو بہتر بنایا جاسکتا ہے

0
28

کوئٹہ:- وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ تکنیکی تعلیم کی فراہمی سے ہیومن ریسورس کو بہتر بنایا جاسکتا ہے جس سے طلباء وطالبات کو مستقبل میں روزگار کے بہترین مواقع میسر ہوسکیں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ بوائز اور گرلز پولی ٹیکنک کالجز کے دورے کے موقع پرطلباء وطالبات سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، وزیراعلیٰ نے دونوں اداروں کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے بوائز پولی ٹیکنک کالج کے مختلف شعبوں جن میں الیکٹرونکس، مائننگ، بی ٹیک، میکینیکل، الیکٹریکل، سول انجینئرنگ اور آئی ٹی کے شعبوں کا معائنہ کیا، اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم تکنیکی تعلیم کو فروغ دے کر اپنی صنعت کو احسن انداز میں آگے لے جاسکتے ہین، پولی ٹیکنک کے شعبے میں بہتری سے ہم اپنی صنعت کو بہتر اور اعلیٰ تعلیم یافتہ افرادی قوت فراہم کرسکیں گے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ سول انجینئرنگ کے شعبے کی ترقی میں کالج اپنا کلیدی کردار ادا کرسکتا ہے جبکہ میکینیکل اور ریفریجریشن کے حوالے سے تکنیکی تعلیم کی موثر فراہمی سے متعلقہ شعبوں میں بہتر افرادی قوت میسر ہوگی، انہوں نے سیکریٹری ہائر ایجوکیشن عبدالصبور کاکڑ کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ طلباء کو بڑے پروجیکٹس میں انٹرن شپ کروائی جائے تاکہ وہ عملی طور پر زیادہ سیکھ سکیں، بعدازاں کالج کے پرنسپل مجید دہوار نے وزیراعلیٰ کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اس تکنیکی شعبے کی بہتری سے ہم 30لاکھ نوکریاں تخلیق کرسکتے ہیں، بعدازاں وزیراعلیٰ نے گورنمنٹ گرلز پولی ٹیکنک کالج کا دورہ بھی کیا، اس موقع پر انہوں نے آئی لیب، ڈریس ڈیزائننگ، کشیدہ کاری، بیوٹیشن کلاسزاور دیگر مختلف شعبوں کا معائنہ کیا، وزیراعلیٰ نے طالبات سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کو تکنیکی مہارت کی فراہمی سے بہترین افرادی قوت بنایا جاسکتا ہے اور یہ امر باعث اطمینان ہے کہ ہماری بچیاں اس شعبہ میں تربیت حاصل کرکے خود کو باعزت اور باوقار روزگار کے حصول کے قابل بنارہی ہیں، انہوں نے ادارے میں آرکیٹیکچر کے شعبے کے آغاز اور اس ضمن میں طالبات کی دلچسپی کو بڑھانے کے لئے ادارے کے کردار کو موثر قرار دیا، وزیراعلیٰ نے کہا کہ پولی ٹیکنک کالج کے طلباء اور طالبات بہترین صلاحیتوں کے مالک ہیں جنہیں درست سمت دینے کی ضرورت ہے جس سے وہ بلوچستان کا حقیقی اثاثہ بن سکتے ہیں اور ایک روشن اور تابندہ مستقبل فراہم کرسکتے ہیں، دورے کے موقع پر وزیراعلیٰ طلباء میں گھل مل گئے اور تصاویر بنوائیں۔ صوبائی وزیر میر عارف جان محمد حسنی، چیف سیکریٹری کیپٹن (ریٹائرڈ) فضیل اصغر اور سیکریٹری ہائر ایجوکیشن عبدالصبور کاکڑ بھی اس موقع پر وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے۔

Leave a reply