جنت نظیر کشمیر کو بھارت نے عقوبت خانہ بنا دیا ہے اسپیکر اسمبلی گلگت بلتستان

0
61

گلگت(اے پی پی) سپیکر گلگت بلتستان اسمبلی حاجی فدا محمد ناشاد نے محرم الحرام کے حوالے سے اپنے بیان میں کہا ہے کہ یہ مقدس مہینہ اقوام عالم کو سید الشہدا حضرت امام حسین علیہ السلام اور ان کے جان نثار ساتھیوں کی اسلام کی بقا، حق کی سر بلندی اور باطل کے عزائم کو خاک میں ملانے کی خاطر دی ہوئی قربانیوں کی یاد دلا رہا ہے۔ کربلا کے اس مختصر لیکن بہادر قافلے کا درس، ظلم کا مقابلہ صبر و شجاعت سے کرنا ہے، چاہے ظالم کتناہی طاقتور کیوں نہ ہو۔ اس درس کربلا پر عمل پیرا ہوتے ہوئے اور کربلا والوں کے نقش قدم پر چلتے ہوئے کشمیری مجاہدین جد و جہد آزادی میں مصروف ہیں۔بھارتی درندہ صفت افواج کشمیر کو ہڑپ کرنے کے لئے اور کشمیریوں کے لبوں سے”کشمیر بنے گا پاکستان”کا نعرہ چھیننے کے لئے ہر قسم کے ناجائز ہتھکنڈے استعمال کر رہے ہیں۔ اس وقت جنت نظیر کشمیر کو بھارت نے عقوبت خانہ بنا دیا ہے، جہاں نسل کشی، قتل و اغوا، انسانی حقوق کی پا مالی اور بربریت سے ایک خونی تاریخ رقم کی جا رہی ہے۔لیکن”اتنا ہی یہ ابھرے گا جتنا کہ دبا دیں گے”کا نعرہ بلند کرتے ہوئے کشمیری مجاہدین ان مظالم کو روکنے کے لئے سینہ سپر ہیں۔ اس موقع پر عالم اسلام اور اسلامی یکجہتی کا نعرہ بلند کرنے والے کئی اسلامی ممالک اور اقوام متحدہ کی جانب سے خاموش تماشائی کا کردار قابل صد افسوس ہے۔ کشمیری عوام کیساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گلگت بلتستان میں جگہ جگہ جلسے جلوس میں مصروف رہتے ہوئے ان مظالم کی پر زور مذمت کا سلسلہ جاری ہے۔ سپیکر نے کہا ہے کہ محرم کا یہ مقدس مہینہ ہمیں امن و آشتی، صبر و تحمل اور ایثار و قربانی کا درس دے رہا ہے۔ الحمدللہ گزشتہ کئی سالوں سے گلگت بلتستان امن کا گہوارہ بنا ہوا ہے۔ اس ماحول کو قائم کرنے میں صوبائی حکومت کی کاوشیں اور عوام کی جانب سے تعاون قابل قدر ہے۔ جسے جاری رکھنے کے لئے اب بھی حکومت اور عوام کا تعاون درکار ہے۔ سپیکر نے امید ظاہر کی ہے کہ انشااللہ اب بھی حکومت اور عوام اس مقدس ماہ کے دوران قیام امن کو یقینی بنانے کے لئے باہمی تعاون سے کام لیتے ہوئے آگے بڑھیں گے۔

Leave a reply