رمضان بازاروں میں سستی چینی کی خریداری کے سلسلے میں صارفین کی مشکلات کو دور کیا جائے

0
34

فیصل آباد: ڈپٹی کمشنر سردار سیف اللہ ڈوگر نے کہا ہے کہ رمضان بازاروں میں سستی چینی کی خریداری کے سلسلے میں صارفین کی مشکلات کو دور کیا جارہا ہے اور کوشش کی جارہی ہے کہ ضلع فیصل آباد کے لئے سستی چینی کے کوٹہ سے زیادہ سے زیادہ صارفین مستفید ہوں۔ انہوں نے یہ بات مختلف رمضان بازاروں کے معائنہ کے دوران سستی چینی کی خریداری سے متعلق صارفین کی شکایت سنتے ہوئے کہی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ رمضان بازاروں میں چینی کی سپلائی بلاتعطل جاری ہے جسکا عام مارکیٹ کی نسبت فی کلو گرام ریٹ کم ہونے کی وجہ سے خریداروں کا رش زیادہ ہے جس کے باعث لوگوں کو درپیش مشکلات کا ازالہ کریں گے۔ انہوں نے مختلف سٹالز پر پھلوں‘ سبزیوں‘ دالوں اور دیگر اشیاء کا معیار چیک کیا اور نگران افسران کو ہدایت کی کہ صارفین کو غیر معیاری اشیاء کی فروخت کی شکایت نہیں ہونی چاہئے۔ انہوں نے سستے آٹے کے معیار اور تھیلے کے وزن کی جانچ پڑتال بھی کی اور کہا کہ غیر معیاری آٹا ہونے کی ہونے کی صورت میں فلور ملز کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر نے سیکورٹی اور صفائی ستھرائی کے امور پر نظر رکھنے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ رمضان بازاروں میں خریداری کے لئے صاف ستھرے اور خوشگوار ماحول کا تاثر ابھرنا چاہئے۔ انہوں نے رمضان بازار سرسید ٹاؤن میں اشیاء کی سپلائی اور دیگر انتظامی معاملات کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ مارکیٹ کمیٹی کی فیئر پرائس شاپ پر صبح بروقت فروخت کا آغاز ہو جانا چاہئے۔انہوں نے ضلع کے تمام رمضان بازاروں کو طوفان و بادوباراں سے محفوظ بنانے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ آندھی یا بارش کی صورت میں رمضان بازاروں میں خرید و فروخت کے امور متاثر نہیں ہونے چاہئیں۔

Leave a reply