شجرکاری سے مثبت ماحولیاتی اثرات کے ساتھ مالی فوائد بھی حاصل کیے جا سکتے ہیں، ترجمان فیصل آباد چیمبر

0
33

فیصل آباد۔ (اے پی پی) فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے ترجمان نے کہا کہ شجرکاری نہ صرف مذہبی نکتہ نظر سے ہر شخص کا فرض ہے بلکہ اس سے مثبت ماحولیاتی اثرات کے ساتھ ساتھ مالی فوائد بھی حاصل کیے جا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگرچہ پاکستان بنیادی طور پر ایک زرعی ملک ہے لیکن اس کے باوجود اس کا شمار دنیا میں بہت کم درختوں والے ملکوں میں ہوتا ہے جس کی وجہ سے پاکستان منفی ماحولیاتی تبدیلیوں کی زد میں ہے۔انہوں نے کہاکہ کسی بھی ملک میں اُس کے کل رقبے کے کم از کم 31 فیصد پر درخت ہونے چاہیں مگر بدقسمتی سے پاکستان میں یہ شرح صرف 1.91 فیصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں ملک میں مستقل بنیادوں پر ایگرو فارسٹری کی صنعت کو فروغ دینا ہوگا تاکہ ماحول کو صاف ستھرا رکھنے کے ساتھ ساتھ لکڑی کی ضروریات کو بھی پورا کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ گلوبل وارننگ کی وجہ سے جہاں موسموں کی شدت میں اضافہ ہو رہا ہے وہاں ہماری فصلوں کے روایتی موسموں میں بھی تبدیلی سے پیداوار متاثر ہور رہی ہے۔ انہوں نے حکومت کی طرف سے شجرکاری کی خصوصی مہم چلانے کے فیصلے کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد چیمبر کے ممبران اپنے اپنے طورپر مختلف جگہوں پر پودے لگا رہے ہیں لیکن اُن کی حفاظت متعلقہ لوگوں پر عائد ہوتی ہے اور اُن کو یہ ذمہ داری بہرحال نبھانا ہو گی۔

Leave a reply