شدیدبارشوں یا دریاؤں کی طغیانی کے باعث کسی بھی ہنگامی صورتحال کیلئے الرٹ رہنے کی ہدایت

0
93

فیصل آباد، قائمقام ڈویژنل کمشنر/ڈپٹی کمشنر سردار سیف اللہ ڈوگر نے ہدایت کی ہے کہ موسم برسات کے حوالے سے ڈویژن کے چاروں اضلاع میں فلڈ کنٹرول پلان کے تحت ضروری انتظامات کو جامع انداز میں فعال رکھاجائے تاکہ شدیدبارشوں یادریاؤں کی طغیانی کے باعث کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ریسکیو آپریشن میں کوئی دقت نہ ہو۔انہوں نے یہ ہدایت کمشنر آفس کے کمیٹی روم میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کی جس میں فلڈ کنٹرول پلان کاجائزہ لیاگیا۔ایڈیشنل کمشنرز محبوب احمد،خادم حسین جیلانی،ایم ڈی واسا فقیر محمد چوہدری،اسسٹنٹ کمشنر(جنرل)مصور خاں نیازی،سی ای او فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کاشف رضا اعوان،چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن سردار نصیر احمد کے علاوہ محکمہ انہاراوردیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔قائمقام ڈویژنل کمشنر نے کہا کہ ارلی وارننگ سسٹم کو فعال رکھا جائے اور بارشوں کی پیش گوئی پر تمام تر وسائل کوفوری متحرک کریں۔انہوں نے ضلع جھنگ اور چنیوٹ میں سیلاب کے حوالے سے سابقہ تجربات کو مدنظررکھنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دریاؤں،نہروں وندی نالوں کے کناروں کو مضبوط بنانے کے ساتھ تجاوزات کو ختم اور سیلاب کی صورت میں متاثرہ علاقوں سے لوگوں کے انخلا اور ان کے جان ومال کے تحفظ کے لئے انسدادی واحتیاطی اقدامات میں کمزوری نہیں ہونی چاہیے۔انہوں نے ریلیف کیمپس کے قیام کے انتظامات مکمل رکھنے،ہسپتالوں میں ایمرجنسی میڈیکل سروسز فعال،وبائی امراض کے حفاظتی ٹیکے لگانے،مویشیوں کے تحفظ کے لئے خصوصی اقدامات کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ شدید بارشوں اور دریاؤں کی طغیانی کے باعث ہنگامی حالات سے احسن انداز میں نپٹنے کے لئے تمام محکموں میں باہمی رابطہ مضبوط ہونا چاہیے تاکہ امدادی سرگرمیوں میں کسی لمحہ دشواری نہ ہو۔انہوں نے واسا،میونسپل کارپوریشن،میونسپل کمیٹیزاوراریگیشن کی تمام مشینری کو ہمہ وقت فنکشنل رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ایمرجنسی کی صورت میں ڈی واٹرنگ سیٹس سمیت دیگر مشینری آسانی سے دستیاب رہنی چاہیے۔قائمقام کمشنر نے شہرمیں برساتی نالوں کی صفائی فوری مکمل کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ واسا کے زیراہتمام کرائسس مینجمنٹ کیمپس غیر معمولی طور پر فعال رکھنے کے علاوہ نشیبی علاقوں سے بارشی پانی کے فوری اخراج،سڑکوں پر گرنے والے درختوں کو تیزرفتاری سے ہٹانے اوربلاتاخیر صفائی ستھرائی کرکے شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے سلسلے میں متعلقہ محکمے کی کارکردگی مثالی ہونی چاہیے۔انہوں نے دوران بارش اور بعدازاں حفاظتی وانسدادی آپریشن کو جاری رکھنے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ صفائی ستھرائی،پانی کے اخراج اور خوشگوار ماحول برقرار رکھنے کے لئے متعلقہ محکمے اپنی ذمہ داریوں کو کماحقہ پورا کریں۔

Leave a reply