شعبہ زراعت توسیع کی سرگرمیوں کو جدید سائنسی اصولوں پر استوار کریں، ڈویژنل کمشنر عشرت علی

0
61

فیصل آباد(محمد اویس)ڈویژنل کمشنر عشرت علی نے ہدایت کی ہے کہ شعبہ زراعت توسیع کی سرگرمیوں کو جدید سائنسی اصولوں پر استوار کریں اور اس کے ثمرات عام کسان تک پہنچانے کے لئے جامع ومربوط حکمت عملی اختیار کی جائے۔انہوں نے یہ ہدایت ڈویژنل زرعی مشاورتی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کی جس میں ڈائریکٹر زراعت چوہدری عبدالحمید نے کسانوں کی فلاح وبہبود اور زرعی ترقی کے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی۔اجلاس میں ایڈیشنل کمشنرمحبوب احمد،ایکسٹرااسسٹنٹ ڈائریکٹرزراعت عبدالرحمن،ڈویژن بھر سے محکمہ زراعت کے افسران کے علاوہ کاشتکاروں کے نمائندں نے شرکت کی۔ڈویژنل کمشنر نے کہا کہ کسانوں کو کم سے کم اخراجات میں فصلوں کی زیادہ پیداوار کے حصول کے سائنسی طریقوں سے آگاہ کرنے کے اقدامات میں وسعت لائی جائے اور ٹنل فارمنگ کے فروغ کے لئے محکمانہ رہنمائی میں کوئی کسر نہیں رہنی چاہیے تاکہ خصوصی طور پر سبزیوں کی بے موسمی پیداوار منافع بخش ہوسکے۔انہوں نے کہا کہ مختلف فصلوں کے نمائشی پلاٹس قائم کرکے کاشتکاروں کو زیادہ پیداوار کے حصول کے لئے تربیت دی جائے۔انہوں نے زرعی ترقیاتی بینک کے نمائندے سے کہا کہ وہ کسانوں کو قرضوں کے چنگل میں پھنسا کر ظلم نہ کریں بلکہ ان کے لئے آسانیاں پیدا کی جائیں۔انہوں نے نہری پانی چوری کے واقعات کا مستقل بنیادوں پر سدباب کرنے،انسداد ملاوٹ مہم پر بھرپور عملدرآمد کویقینی بنانے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ کسانوں سے قریبی رابطہ استوار رکھا جائے تاکہ وہ حکومتی اقدامات سے آگاہ رہیں۔اجلاس کے دوران کسانوں نے کھادوں کی قیمتوں کو قابومیں رکھنے،زرعی ادویات کی دستیابی کو یقینی بنانے سمیت بعض دیگر مسائل کی نشاندہی کی۔

Leave a reply