شکایات ومسائل کے فوری حل کے لئے محکمانہ کارروائی میں تاخیر نہیں ہوگی۔ ڈپٹی کمشنر علی شہزاد

0
28

فیصل آباد (عثمان صادق) ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے ضلعی محکموں کے سربراہان کو ہدایت کی ہے کہ شکایت کنندگان کی اطمینان بخش طریقے سے دادرسی کی جائے اور عوامی مسائل سے پہلو تہی،بے جااور بلاجواز تاخیر سے درخواست گزاروں کو خوار کرنے کی روش ترک کردیں۔انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں شہریوں کے مسائل سنتے ہوئے کہی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عوامی مسائل پر کان نہ دھرنے والے افسران کیخلاف محکمانہ کارروائی سے گریز نہیں کیا جائے گا لہذا وہ عوامی ریلیف کے سلسلے میں محکمانہ کارکردگی کے معیار میں اضافہ کریں۔انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز سے کہا کی وہ مقامی سطح پر لوگوں کی شکایات اور مسائل ذمہ داری کے ساتھ حل کریں اور تحصیل دفاتر کی کارکردگی پر گہری نظر رکھیں تاکہ لوگوں کو اپنے معاملات کے سلسلے میں پریشانی کا سامنا نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ سائلین کی بات خندہ پیشانی سے سنتے ہوئے فوری حل طلب امور کے سلسلے میں تاخیر نہ کی جائے۔انہوں نے شہریوں کے واسا،ویسٹ مینجمنٹ کمپنی،ریونیو ودیگر محکموں کے بارے میں مسائل سنتے ہوئے ان کے حل کے لئے متعلقہ افسران کو موقع پر ہی فون کالز کرکے ہدایات جاری کیں۔انہوں نے بزرگوں،مردوخواتین کے مسائل سنتے ہوئے انہیں یقین دلایا کہ ان کی شکایات ومسائل کے فوری حل کے لئے محکمانہ کارروائی میں تاخیر نہیں ہوگی۔

Leave a reply