صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں دلخراش خودکش دھماکہ

0
30

صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے علاقے عدالت روڈ پر ایک بار پھر دلخراش خودکش دھماکہ ہوا رپورٹ کے مطابق 2پولیس اہلکاروں سمیت8افراد شہید جبکہ30افراد زخمی‘ درجنوں گاڑیاں‘موٹر سائیکل اور رکشے تباہ‘ واقعہ کے بعد سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا

شہید اور زخمیوں کو سول ہسپتال منتقل کردیاگیا سول ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی‘ صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی‘ وزیراعظم عمران خان‘گورنر بلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی‘ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان‘سپیکر و ڈپٹی سیکر قومی اسمبلی‘صوبائی وزیر داخلہ بلوچستان اور دیگر کی واقعہ کی مذمت

تحقیقات کرنے کی ہدایت‘ تفصیلات کے مطابق پیر کے شام کوئٹہ کے علاقے عدالت روڈ بلدیہ ہوٹل کے قریب اس وقت خودکش دھماکہ ہوا جب کوئٹہ پریس کلب کے سامنے ایک مذہبی جماعت حضرت ابوبکر صدیقؓ کے یوم وفات کے موقع پر مظاہرہ جاری رہا تھا دھماکے میں 2پولیس اہلکاروں سمیت8افرادشہید ہو گئے

شہید ہونیوالوں میں عبدالرسول‘ محمد حمید‘ محمد زمان‘ محمد نعیم‘منظوراحمد‘ حمید اللہ‘ حضرت علی اور دیگر شامل ہیں جبکہ30افراد زخمی ہو گئے زخمیوں میں سید داؤد‘ شہریار‘برکت‘ امیربخش‘سمیع اللہ‘ محمد داؤد‘ ساز الدین‘ محمد وسیم‘عادل‘محمد اسد‘فرحان‘ نصیب اللہ‘محمد نعیم‘اشرف الدین‘ شریف احمد‘ فیاض الحسین‘ فیصل‘محمد عیسیٰ‘محمد عظیم اور دیگر شامل ہیں جبکہ خودکش دھماکے میں درجنوں کی تعداد میں گاڑیاں‘ موٹر سائیکلیں اور رکشے تبا ہو گئے

ارد گرد دکانیں‘ دفاتر اور قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے دھماکے کے بعد خوف و ہراس اور بھگڈر مچ گیا سیکورٹی فورسز‘پولیس اور انتظامیہ نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا امدادی ٹیموں نے شہید اور زخمی ہونیوالے افراد کو سول ہسپتال منتقل کردیا سول ہسپتال میں ایمر جنسی نافذ کردی گئی

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے واقعہ کی تحقیقات جبکہ صدرپاکستان ڈاکٹر عارف علوی‘وزیراعظم پاکستان عمران خان‘آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ‘گورنر بلوچستان امان اللہ یاسین زئی‘ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان‘ صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو‘ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر‘ ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری‘ڈپٹی سپیکر بلوچستان اسمبلی سردار بابر موسیٰ خیل‘صوبائی صدر عوامی نیشنل پارٹی اصغر خان اچکزئی‘صوبائی وزراء حاجی مٹھا خان کاکڑ‘ حاجی محمد خان طوراتمان خیل‘ میر سلیم کھوسہ‘ دنیش کمار‘ نورمحمد دمڑ‘ وزیراعلیٰ بلوچستان کے اسپیشل اسسٹنٹ میر اعجاز خان سنجرانی‘ بلال خان کاکڑ‘ قبائلی رہنماء سعید آغااور دیگر نے دہشتگردی کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دشمن عناصر ایک بار پھر حالات خراب کرنے کی سازشوں میں مصروف ہیں لیکن ہم اس طرح سازشوں کو کامیاب نہیں ہونے دینگے

وزیراعظم عمران خان نے کوئٹہ میں دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے اور دھماکے کے زخمیوں کو بہترین طبی امداد کی فراہمی کی ہدایت بھی کی ہے۔وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے عدالت روڈ پر ہونیوالے خودکش دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے واقعہ کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہاکہ بزدل دہشتگرد ایک مرتبہ پھر شہر اور صوبے کا امن خراب کرنا چاہتے ہیں

دیرپاء امن کے قیام کو ہر صورت یقینی بناتے ہوئے معصوم اور بے گناہ شہریوں کو دہشتگردی کا نشانہ بنانے والے عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا‘ انہوں نے ہدایات جاری کیں کہ شہر میں سیکورٹی کے اقدامات کو مزید موثر اور سخت بنایا جائے تاکہ دہشتگردوں کو دوبارہ سے سر اٹھانے کا موقع نہ ملے وزیر اعلیٰ نے دھماکے کے زخمیوں کو تمام طبعی سہولیات فراہم کرنے کی ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی ہے

صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے کوئٹہ دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ کوئٹہ کے امن کو خراب کرنے والوں کا سراغ لگانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے دشمن بلوچستان کی ترقی سے خائف ہو کر اس قسم کے حربے استعمال کر رہا ہے دھماکے میں جاں بحق افراد کے لواحقین کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں دھماکے کے زخمیوں کو تمام طبعی سہولیات فراہم کی جائے

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ 10 جنوری کو بھی کوئٹہ کے علاقے سیٹلائٹ ٹاؤن کی مسجد میں ہونے والے دھماکے میں ڈی ایس پی امان اللہ سمیت 15 افراد شہید اور 19زخمی ہوگئے تھے‘اس سے قبل 7 جنوری کو بھی کوئٹہ کے میکانگی روڈ پر فرنٹیئر کور (ایف سی) کی گاڑی کے قریب دھماکے میں 2 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔

Leave a reply