علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی سے پاکستان میں انڈسٹریلائزیشن کو فروغ ملے گا۔صوبائی وزیر انڈسٹریز و سرمایہ کار میاں اسلم اقبال

0
43

فیصل آباد (محمد اویس) صوبائی وزیر انڈسٹریز و سرمایہ کار میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی سے پاکستان میں انڈسٹریلائزیشن کو فروغ ملے گا۔ چین اپنی انڈسٹری کی پاکستان میں "ری لوکیشن کے حوالے سے بہت تعاون کر رہا ہے۔ پنجاب انڈسٹریل پالیسی 2018 وزیر اعظم کے ویژن کی عکاس ہے جس سے صوبے میں سرمایہ کاری اور روزگار کی فراہمی میں اضافہ ہو گا۔ وہ فیڈمک کے زیر انتظام سی پیک کے تحت قائم کئے جانے والے پہلے سپیشل اکنامک زون علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عوام عمران خان کو ایک مسیحا کی شکل میں دیکھ رہی ہے اور وہ ان کی ٹیم کے ممبر ہونے کی حیثیت سے ان کے ویژن کو عملی شکل میں لانے کے لئے اپنی وزارت میں 20،20 گھنٹے لگاتار کام کر رہے ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب واحد صوبہ ہے جس نے 5 اکنامک زون بنائے ہیں اور ان کے علاوہ دو اکنامک زون پرائیویٹ سیکٹر نے بنائے ہیں جبکہ دو نئے اکنامک زونز پر کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیڈمک کے پراجیکٹ کی کامیابی کا ثبوت یہ ہے کہ اس کے آغاز ہونے سے قبل ہی دو ارب ڈالر کی بیرونی سرمایہ کاری ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے ویژن کے مطابق نوجوانوں کو قرضوں کی فراہمی کا آغاز ہو چکا ہے، کاٹیج انڈسٹری کی بحالی کے لئے بھی قرضوں کی سکیم متعارف کروا دی گئی ہے جبکہ ٹیکنیکل ٹریننگ کے اداروں کو بھی ایک نظام کے تحت لانے کے لئے قانون سازی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے اس بیانیے میں کوئی حقیقت نہیں ہے کہ کاروبار بند ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حقیقت اس کے برعکس ہے کیونکہ ایکسپورٹ بڑھ رہی ہے، نئی ملازمتیں پیدا ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن والے وزیر اعظم کو اس لئے نااہل اور نالائق کہتے ہیں کہ انہیں کرپشن کرنی نہیں آتی، انہوں نے اپنے سمدھی کو وزیر خزانہ نہیں بنایا، انہوں نے اپنی بیٹی کو ایک ارب روپے کے فنڈ کی سربراہی نہیں دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب ایک گھر میں رہتے ہیں انہوں نے شہباز شریف کی طرح پانچ، چھ گھروں کو سرکاری رہائش گاہ قرار نہیں دیا ہوا ہے۔

Leave a reply