غلامی کی زنجیروں میں جکڑی نہتی کشمیری قوم منبع ہدایت سے دور نہ ہو ،علی گیلانی

0
47

سرینگر(باغی مانیٹرنگ ڈیسک)بابائے حریت سید علی گیلانی نے رمضان المبارک کی آمد پر مسلمانانِ جموں وکشمیرسمیت تمام عالم اسلام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ روزوں کا یہ مقدس مہینہ جہاں عبادات اور تزکیہ نفس کی ایک اعلیٰ ترین مشق ہے وہیں یہ امت کو اپنے گردونواح میں مستحق افراد کی خبرگیری اور معاونت کی تلقین بھی کرتا ہے۔ یہ بابرکت مہینہ ہمیں نہ صرف حق وباطل کے معرکوں کی یاد تازہ کراتا ہے بلکہ ذہنی طور اس میں شرکت کے لیے آمادہ بھی کرتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ امت مسلمہ کی زبوں حالی اور جموںوکشمیر کی ابتر صورتحال ایک حساس فرد کو خون کے آنسو رُلانے کے لیے کافی ہے۔ یہاں کی بدحالی اور افراتفری ہماری آئندہ نسل کے لیے سوہان روح بنی ہوئی ہے۔سید علی گیلانی نے کہاکہ سیاسی بے یقینی اور غلامی کی بدترین زنجیروں میں جکڑی نہتی کشمیری قوم کو ہرگزاپنے منبع ہدایت سے دور نہیں ہونا چاہےے۔رمضان المبارک کے مہینے میں روزے رکھ کر، تراویح پڑھ کر، تلاوت قرآن،صدقہ و خیرات اور دیگر اضافی عبادات کرنے کے باوجود اگر ہم حق وباطل کے درمیان فرق کرنے اور ان کو پرکھنے کی صلاحیت سے اسی طرح محروم رہے جس طرح رمضان سے پہلے تھے تو اس بابرکت مہینے کے ذریعے ہم اپنی زندگی کی تاریکیوں کو روشن کرنے میں ناکام ہوجائیں گے اور اس ماہ کی ظاہری عبادات کے باوجود ہم بحیثیت ملّت اپنا وجود منوانے میں کامیاب نہیں ہوسکیں گے۔

Leave a reply