فیسکو ٹیموں کا کریک ڈاؤن، بجلی کی بڑی چوری پکڑلی

0
46

فیصل آباد (محمد اویس) الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) نے ماہ نومبر میں بجلی چوری سے متعلق رپورٹ جاری کر دی۔ فیسکو ٹیموں نے ماہ نومبرمیں ریجن کے پانچوں سرکلز سے 111733بجلی کنکشن چیک کئے،246بجلی چوروں کو3کروڑسے زائد جرمانہ جبکہ 102بجلی چوروں کے خلاف مقدمات کااندراج کرادیا گیا۔تفصیلات کے مطابق وزارت توانا ئی (پاور ڈویژن) اورچیف ایگزیکٹوفیسکوشفیق الحسن کی خصوصی ہدایات پر فیسکوٹیمیں ریجن کے آٹھ اضلاع میں بجلی چوروں کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر مصروف عمل ہیں۔سب ڈویژنل ٹاسک فورسز اور ایم اینڈ ٹی ٹیمیں گھریلو،زرعی،صنعتی اور کمرشل میٹروں کی چیکنگ کررہی ہیں تاکہ بجلی چوری جیسے مکروہ قومی جرم سے نجات پائی جاسکے۔نومبر کے مہینے میں بجلی چوری کے خلاف جاری کارروائیوں میں فیسکو فرسٹ سرکل کی ٹیموں نے مختلف علاقوں سے کل14505کنکشنز چیک کئے جن میں سے26صارفین مختلف طریقوں سے بجلی چوری کے مرتکب پائے گئے۔ان کو 413001ڈی ٹیکشن یونٹس کی مد میں 61لاکھ65ہزارروپے کے جرمانے جاری کئے گئے۔جبکہ ڈائریکٹ سپلائی کے ذریعے بجلی چوری میں ملوث12صارفین کے خلاف مقدمات کا اندراج ہو گیا۔اسی طرح فیسکو سیکنڈ سرکل کی ٹاسک فورسز نے گھر گھر چیکنگ کے دوران کل11718بجلی کنکشن چیک کئے اور34صارفین بجلی چوری میں ملوث پائے گئے جن کو774436یونٹس کی مد میں ایک کروڑ19لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔جبکہ4صارفین کے خلاف مقدمہ کا اندراج کرایا گیا۔فیسکو جھنگ سرکل کے مختلف علاقوں سے ٹیموں نے17095 کنکشن چیک کئے جس میں سے73صارفین بجلی چوری کرتے ہوئے پائے گئے جن کو584234یونٹس کی مد میں 82لاکھ50ہزار روپے کے ڈی ٹیکشن بل جاری کئے گئے۔جبکہ قانونی کارروائی کیلئے53صارفین کے خلاف مقدمہ درج کرادیاگیا۔ فیسکو سرگودھا سرکل میں دوران چیکنگ چھاپہ مار ٹیموں نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے53441 کنکشنوں کو چیک کیا جن میں سے55 صارفین کورنگے ہاتھوں محکمہ کو نقصان پہنچاتے ہوئے پکڑاگیا۔ان بجلی چوروں کو ڈی ٹیکشن بلوں کی مد میں 159363یونٹس پر مشتمل 27لاکھ87 ہزار روپے کے جرمانے جاری کئے گئے جبکہ 22کے خلاف مقدمات کا اندراج ہوگیا۔میانوالی سرکل کی ٹاسک فورسز نے چیکنگ کرتے ہوئے 14974بجلی کنکشنوں کو چیک کیا اور58صارفین بجلی چوری میں ملوث پائے گئے۔ان کو 134812یونٹس پر مشتمل 22لاکھ 83ہزار روپے کا جرمانہ عائد کیاگیا جبکہ 11کے خلاف مقدمات کا اندراج کروایا گیا۔مذکورہ تما م صارفین محکمہ کی پی وی سی لائن سے ڈائر یکٹ سپلائی کے ذریعے،میٹر میں سوراخ کرکے،میٹر میں شنٹ سسٹم لگا کر،میٹر کو سلو کرکے،میٹر کی نیوٹرل بریک کرکے اور مختلف سنگین طریقوں سے بجلی چوری میں ملوث پائے گئے۔چیف ایگزیکٹو فیسکوشفیق الحسن نے صارفین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے گردونواح میں ہونے والی بجلی چوری کی اطلاع فوری طورپر وزارت توانائی پاور ڈویژن کی ہاٹ لائن 051-9103888،فیسکو کے ٹول فری نمبر 080066554،ٹول فری ہیلپ لائن 118یا اپنی متعلقہ سب ڈویژن کو دیں تاکہ بجلی چور صارفین کے خلاف فوری کارروائی کی جاسکے۔بجلی چوری جیسے مکروہ قومی جرم کی سرکوبی کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں اورفیسکو ٹیموں کا ساتھ دیں تاکہ ملک سے اس ناسور کو جڑ سے اکھاڑ کر پھینکا جاسکے۔

Leave a reply