فیصل آباد ضلعی امن کمیٹی وڈسٹرکٹ ایمرجنسی بورڈ کا مشترکہ اجلاس

0
39

فیصل آباد(محمد اویس)ضلعی امن کمیٹی وڈسٹرکٹ ایمرجنسی بورڈ کا مشترکہ اجلاس ڈپٹی کمشنر محمد علی کی زیر صدارت ان کے آفس کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا جس میں جشن عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی تقریبات کے انتظامی و حفاظتی امور کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ایس ایس پی اپریشنز سید علی رضا، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل)میاں آفتاب احمد اور دیگر افسران بھی موجود تھے جبکہ اسسٹنٹ کمشنرزنازیہ موہل،زوہا شاکر،اورنگزیب،خرم شہزادبھٹی،سی ای اوویسٹ مینجمنٹ کمپنی کاشف رضا اعوان،چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن سردار نصیر احمد،ڈسٹرکٹ خطیب اوقاف مولانا فتح محمدراشدی،مفتی ضیاء مدنی،مولانا محمد ریاض کھرل،سید محمد جعفر نقوی،مولانا محمد حفیظ خان،محمد سعید قادری،سید تجمل حسین زیدی،صاحبزادہ منشاء سالک،اسلم بھلی،ڈاکٹر افتخار نقوی،چاچا عبدالرشید،ڈاکٹر ممتاز حسین،مولانا عبدالقادر،عبدالقیوم انور،ارسلان ظفر ودیگرنے اجلاس میں شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ آقائے دو عالم حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت و سعادت تمام مسلمانوں کے لئے باعث رحمت ہے اور آمد رسولؐ کی خوشی بھی تمام مسلمان اپنے عقیدہ کے مطابق بھر پور مذہبی عقیدت و احترام سے منائیں گے لہذا اس موقع پر مثالی اتحاد،مذہبی رواداری اور اخوت و یگانگت کی ضرورت ہے تاکہ دشمن ہمارے مذہبی جذبات سے کھیل کر بدامنی پھیلانے میں کامیاب نہ ہو سکے۔انہوں نے امن کمیٹی کے ارکان سمیت تمام مکاتب فکر کے علماء کرام،مذہبی رہنماؤں وتاجروں کی مثالی معاونت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی‘ بھائی چارے اور اتحاد و اتفاق کے ایسے شاندار ماحول میں امن کا قیام قابل بھروسہ ہے۔انہوں نے کہا کہ جشن عید میلاد النبیؐ مناتے وقت ہمیں غیر شرعی حرکات سے اجتناب اور اس بابرکت دن کا تقدس برقرار رکھنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ حساس مقامات کی خصوصی نگرانی کی جائے گی جبکہ ضلعی امن کمیٹی کے ارکان بھی امن و امان اور مذہبی ہم آہنگی برقرار رکھنے کے لئے متحرک رہیں۔انہوں نے کہا کہ پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی طرف سے ماہ ربیع الاول کی تقریبات اور خصوصا 12 ربیع الاول کے جلوسوں کی سیکورٹی اور دیگر انتظامی امور پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے اجلاس میں موجود محکموں کے افسران سے کہا کہ جلوسوں کے راستوں سے رکاوٹوں کو ہٹانے سمیت صفائی ستھرائی اور ٹریفک کی آسان روانی قائم رکھنے کے لئے ضروری انتظامات کو فوری حتمی شکل دی جائے۔انہوں نے ہسپتالوں میں میڈیکل ایمرجنسی سروسز کو چوکس،ریسکیو 1122کی گاڑیوں کو جلوسوں کے ہمراہ رکھنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ڈی سی آفس میں ضلعی کنٹرول روم فنکشنل رہے گا۔ایس ایس پی اپریشنز نے مذہبی امن اور رواداری کے جذبات کے فروغ میں تمام مکاتب فکر کے علماء کرام کے مثالی کردار کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کے تعاون سے عید میلادالنبیؐ کو بھی بھر پور عقیدت و احترام اور خوشگوار انداز میں منایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ سیکورٹی امور کے سلسلے میں ضلعی پولیس اپنی ذمہ داریوں کو کما حقہ پورا کرے گی اور کائنات کی عظیم ہستی سرکار دو عالم حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت و سعادت کے مقدس دن پر آنچ نہیں آنے دیں گے۔انہوں نے جلوسوں کے منتظمین سے کہا کہ وہ رضا کارگارڈز کا بھی بندوبست کریں جن کی ضلعی پولیس کی طرف سے حفاظتی امورکے بارے میں ٹریننگ کرائی جائے گی۔اجلاس کے دوران امن کمیٹی کے ارکان نے اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہاکہ تمام مسالک کے علماء کرام آپس میں شیر و شکر ہیں تاہم امن کے دشمنوں سے ہمہ وقت چوکنا رہنا چاہیے۔انہوں نے جشن عید میلادالنبیؐ کے انتظامات کے حوالے سے بعض تجاویز بھی پیش کیں۔آخر میں ملک و قوم کی ترقی‘ امن وآشتی‘ اتحاد و اتفاق اور خیر و برکت کے لئے دعا کی گئی۔اجلاس کے آغاز پر ضلعی امن کمیٹی کے ممبر اسلم بھلی کی والدہ کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔

Leave a reply