فیصل آباد میں بے نامی جائیدادوں کی نشاندہی کے لیے اقدامات تیز کرنے کی ہدایات

0
30

فیصل آباد (نمائندہ باغی ٹی وی ) ڈپٹی کمشنر طارق خان نیازی نے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ ضلع میں بے نامی جائیدادوں کی نشاندہی کے لئے اقدامات مزید تیز کئے جائیں۔ اس سلسلے میں تمام تر ذرائع بروئے کار لا کر آئندہ دو دنوں میں رپورٹ فراہم کریں۔ انہوں نے یہ ہدایت ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کی جس میں ایڈیشنل کمشنر رائے واجد علی‘ ڈی جی ایف ڈی اے عامر عزیز و دیگر افسران کے علاوہ ایف بی آر کی نمائندہ آفیسر بھی موجود تھیں۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومتی ہدایات کی روشنی میں بے نامی جائیدادوں کے سراغ لگانے کے ٹاسک کو کامیاب بنانے کے سلسلے میں متعلقہ محکموں کا فعال اور مخلصانہ کردار بڑی اہمیت کا حامل ہے لہذا ریکارڈ کی جانچ پڑتال کے علاوہ فرضی و جعلی ناموں پر رجسٹرڈ اور مشکوک جائیدادوں کے بارے میں معلومات و تفصیلات جمع کریں۔ انہوں نے کہا کہ بے نامی جائیدادوں کی نشاندہی کے لئے وسیع تشہیری مہم کے ذریعے شہریوں کا تعاون حاصل کیا جائے اور مقررہ اہداف کے حصول کے لئے ایف بی آر ‘ محکمہ ایکسائز سے موثر رابطہ یقینی بنائیں۔ ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ ڈیڈ لائن کے بعد بے نامی جائیداد سامنے آنے پر متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر ذمہ دار ہو گا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ بے نامی جائیداد کو قانونا جرم قرار دیا گیا ہے جس پر ایک سے سات سال تک قید ہو سکتی ہے۔ منقولہ و غیر منقولہ جائیداد وہ لین دین جو فرضی نام پر ہو جس کے مالک کو علم نہ ہو یا وہ ملکیت سے انکار کرے ،رقم ادا کرنے والے اصل شخص کی شناخت نہ ہو اور منقولہ و غیر منقولہ جائیداد کے مالک نے اس کی خرید کے لئے پیسے خود فراہم نہ کئے ہوں بے نامی جائیداد کے زمرے میں آئےگی جبکہ ٹرسٹیز ‘ ماں باپ ‘ بیوی ‘ خاوند ‘ بہن یا بچوں کے نام جائز و قانونی ذرائع سے منتقل کی گئی منقولہ و غیر منقولہ جائیداد بے نامی تصور نہیں ہو گی۔ اجلاس کے دوران متعلقہ افسران نے بے نامی جائیدادوں کی اب تک حاصل کی گئی رپورٹس سے بھی آگاہ کیا۔

Leave a reply