فیصل آباد میں مرکزی علماء کونسل پنجاب کے زیر اہتمام سیمینار

0
35

فیصل آباد ( نمائندہ باغی ٹی وی )ڈویژنل کمشنر محمود جاوید بھٹی نے کہا ہے کہ وطن عزیز کو مستحکم بنانے کے لئے نوجوان طلباء کا کردار بڑی اہمیت کا حامل ہے جن میں عزم وہمت اور حب الوطنی کا جذبہ بیدار رہنا چاہئے تاکہ پاکستان کو درپیش مختلف نوعیت کے چیلنجز کا مقابلہ کرکے امن وترقی کی راہ میں رکاوٹوں کو دور کیا جاسکے۔انہوں نے یہ بات مرکزی علماء کونسل پنجاب کے زیراہتمام جامعہ قاسمیہ غلام محمد آباد میں منعقدہ”استحکام پاکستان طلباء سیمینار“سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔آر پی او غلام محمود ڈوگر،ارکان صوبائی اسمبلی چوہدری لطیف نذر،میاں خیال کاسترو،اسسٹنٹ کمشنر(جنرل)مصور خاں نیازی،چیئرمین مرکزی علماء کونسل صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی ودیگر قائدین مولانا شبیر احمد عثمانی،حافظ محمد امجد،میاں طیب ایڈووکیٹ،حافظ محمد طیب قاسمی،مولانا مشتاق لاہوری،حافظ مقبول،مولانا عمر قاسمی،مولانا اعظم فاروق،مولانا عابد فاروقی،مولانا یاسر علوی،مولانا نعیم طلحہ،مولانا قاسم فاروقی،مولانا ثاقب عزیز،قاری ممتاز احمد،مولانا عامر اشرف،مولانا اسحاق ڈھڈی،علامہ حفیظ الرحمن کشمیری،حافظ سعید میو،مولانا رسال الدین آزاد،پیر عبدالقیوم نقشبندی،مولانا قاسم عمار ودیگر کے علاوہ بڑی تعداد میں مدرسہ کے طلباء اس موقع پر موجود تھے۔ڈویژنل کمشنر نے دینی مدرسہ میں استحکام پاکستان طلباء سیمینار کے انعقاد کے سلسلے میں منتظمین کی عمدہ سوچ اور کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہمیں عالمی سطح پر پاکستان کے سافٹ امیج کے لئے اعلیٰ اخلاقی اقدار کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ دشمن کی ریشہ دوانیوں کا مقابلہ کرنے کے لئے اپنی صفوں میں اتحاد ویکجتہی کو برقرار رکھیں اور کسی بھی تعصب یا گروہ بندی کو بالائے طاق رکھتے ہوئے نفرتوں کو مٹا کر محبت ویگانگت کی فضاء کو تقویت دی جائے۔انہوں نے طلباء کو تاکید کی کہ وہ کسی بھی آلودہ باتوں کا اثر نہ لیں اور اپنی سوچ وکردار کی سمت درست رکھتے ہوئے حصول علم پر گہری توجہ مرکوزکریں۔آر پی او غلام محمود ڈوگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کلمہ طیبہ کی بنیاد پر قائم ہوا اور اللہ تعالیٰ اس کا حامی وناصر ہے لیکن ہمیں استحکام پاکستان کے لئے بھرپور محنت و قومی خدمت کا پختہ عزم کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ نوجوان طلباء اس ملک کی اندرونی اور نظریاتی سرحدوں کے محافظ ہیں لہذا انہیں منفی قوت کو منہ توڑ جواب دینا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ دشمن ہمارے درمیان نفاق پیدا کرنے اور نظریاتی سرحدوں میں مداخلت کرکے سوچ بدلنے کی کوشش میں ہیں جن کو ناکام بنانے کے لئے مذہبی ہم آہنگی،ملی وحدت کا مظاہرہ کیا جائے۔انہوں نے یوم آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں استحکام پاکستان کے اہم موضوع پر سیمینار کے انعقاد کو سراہا۔ایم پی اے چوہدری لطیف نذر نے کہا کہ پاکستان مشکل دور سے گزر رہا ہے لہذا استحکام پاکستان کے لئے اتحاد واتفاق وقت کا اہم ترین تقاضا ہے۔انہوں نے کہا کہ آزادی کی تقریبات مناتے وقت اپنی سوچ کو صرف جھنڈیوں تک محدود نہیں رکھنا چاہیے بلکہ پاکستان کو مستحکم بنانے کے لئے اپنے حصے کے کردار کو عملی طور پر ثابت کرنا ہے۔انہوں نے وزیراعظم عمران خان کے امریکہ کے کامیاب دورہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے قوم کو مبارکباد دی اور کہا کہ پاکستانیوں کو اقوام عالم میں سر اٹھا کر بات کرنے پر فخر حاصل ہواہے۔انہوں نے امن وآشتی ومذہبی رواداری کے فروغ کے سلسلے میں مرکزی علماء کونسل کے کردار کو سراہا۔ایم پی اے میاں خیال کاسترونے کہا کہ قیام پاکستان اور تعمیر پاکستان میں علماء کرام کے کردار کو فراموش نہیں کیا جاسکتا جنہوں نے قوم کی رہنمائی کرتے ہوئے ہمیشہ امن وسلامتی اور بھائی چارے کو مقدم رکھا تاہم استحکام پاکستان کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لئے کالی بھیڑوں کا صفایا کرنا ہوگا۔انہوں نے طلباء کی ذہنی آبیاری کے لئے سیمینار کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیا۔صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے سیمینار میں شرکت کرنے پر تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور بتایا کہ مرکزی علماء کونسل پنجاب کے زیر اہتمام قومی وحدت کے فروغ اور قیام پاکستان میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے اکابرین کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے یکم سے 14،اگست تک مختلف شہروں میں استحکام پاکستان سیمینارز کا انعقاد کیا جارہا ہے۔انہوں نے اپنے اس عزم کو دہرایا کہ پاکستان کی سلامتی،عزت وتوقیر پر آنچ نہیں آنے دی جائے گی اور مرکزی علماء کونسل فرقہ واریت،انتہاپسندری اور دہشت گردی کے خاتمے کے لئے حکومت کے شانہ بشانہ کردار ادا کرے گی۔انہوں نے بتایا کہ پیغام پاکستان اعلامیہ کے تحت تمام مکاتب فکر کے 18سو سے زائد علماء کرام و مشائخ عظام کے متفقہ فتوی کے مطابق ریاست کے خلاف ہتھیار اٹھانا اور خود کش حملوں کو حرام قرار دیا گیا ہے۔اس سلسلے میں علماء کرام اتحاد بین المسلمین اوراتحاد وملت کے لئے ہمہ تن سرگرم عمل ہیں۔سیمینار سے میاں محمد طیب ایڈووکیٹ ودیگر مقررین نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ پاکستان بے شمار قربانیوں سے حاصل کیاگیا تھا جس کے تحفظ کے لئے پوری قوم متحد ہے۔ قبل ازیں جامعہ قاسمیہ میں زیر تعلیم طلباء کے گروپ نے خوش الحانی سے ملی نغمہ پیش کیا اور بعدازاں ملک وقوم کی ترقی وخوشحالی‘قومی یکجہتی اور امن وآشتی کے لئے دعا اور شہدائے پاکستان کی ارواح کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔

Leave a reply