لودھراں : محرم الحرام میں امن و امان کو قائم رکھنے کے حوالے سے اہم اجلاس

0
26

لودھراں (نمائندہ باغی ٹی وی )ڈپٹی کمشنر راؤ امتیاز احمدنے کہا ہے کہ ایام عاشور منانے کیلئے ضلع بھر میں احسن انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ ایل تشیع اور سنی علمائے کرام امن کیلئے یگانگت، بھائی چارے اور اتحاد کی فضا کو قائم رکھنے میں انتظامیہ سے تعاون جاری رکھیں۔

انہوں نے یہ بات آج یہان اپنے دفتر کے کمیٹی روم میں ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس میں محرم الحرام کی آمد کے سلسلے میں انتظامی اور عوامی امور کا جائزہ لیتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ملک جمیل ظفر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عبدالطیف خاں، انتظامی افسران سمیت ضلع کونسل اور میونسپل افسران اور مختلف مسالک کے علمائے کرام نے شرکت کی۔

ڈپٹی کمشنر راؤا متیاز احمد نے مزید کہاکہ ایام محرم میں تمام طبقات برداشت، مروت،تحمل اور بردباری کا مظاہر ہ کریں۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ملک جمیل ظفر نے کہاکہ سماج دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو خا ک میں ملانے کیلئے تمام طبقہ حیات کے لوگ سکیورٹی ضابطوں پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ اگر کوئی بھی مسئلہ ہو تو فوری طور پر انتظامیہ اور پولیس کے نوٹس میں لایا جائے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ممتا ز عالم دین مولانا محمد میاں نے کہاکہ ہم ملک و ملت کے دشمن کو باہمی اتحاد و اتفاق کی طاقت سے شکست دیں گے۔

مولانا حبیب الرحمن نے کہاکہ لاؤڈ اسپیکر پر بلا امتیاز پابندی کو یقینی بنایا جائے۔ ڈاکٹر جعفر رضا نے کہاکہ ہم اہل تشیع اور سنی متحدہیں اور انتظامیہ کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ صدر انجمن تاجران تاصم مسعود بٹ نے کہاکہ شیعہ ذاکر اور سنی علمائے کرام محرم الحرام میں فرقہ واریت، فروعی اختلافات سے دو ررہ کر ایام عاشور کو تعظیم و احترام دیں۔

اجلاس میں حافظ محمد اکرم کانجونے کہاکہ انتظامیہ کی تمام مخلصانہ کاوشوں پر اہل سنت سلام پیش کرتے ہیں۔ رضا جوئیہ نے کہا کہ امن کیلئے اتحاد و اتفاق ہماری اولین ترجیح و نصب العین ہے۔

قاری غلام عباس نے سوشل میڈیا پر فروعی اختلاف سے شیعہ سنی لا تعلقی کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ یہ غیر مسلموں کی سازش ہے۔ اجلاس سے عابد منگلا، ارشاد عباس گھلو، سید مرتضیٰ شاہ، حافظ شیر محمد اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

Leave a reply