محرم الحرام میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور بھائی چارے کی فضاء قائم رکھنے کی ہدایت

0
27

فیصل آباد، صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت نے کہا ہے کہ محرم الحرام میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور بھائی چارے کی فضاء برقرار رکھنے کے لئے وسیع بنیادوں پر اقدامات کئے گئے ہیں تاہم اس سلسلے میں تمام مکاتب فکر کے علماء کرام کے گرانقدر کردار کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا جو امن سلامتی اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لئے مثالی خدمات انجام دے رہے ہیں جن کی معاونت ومشاورت سے عشرہ محرم انتظامات کو بھی کامیاب بنائیں گے۔انہوں نے یہ بات پنجاب کابینہ سب کمیٹی برائے امن وامان کی قیادت کرتے ہوئے فیصل آباد کے دورہ کے دورران سرکٹ ہاؤس میں ڈویژنل امن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔پنجاب کابینہ سب کمیٹی کے دیگر ارکان صوبائی وزیر بہبود آبادی ہاشم ڈوگر،صوبائی وزیر سپورٹس رائے تیمور بھٹی،آئی جی پنجاب کیپٹن (ر)عارف نواز،ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ علی مرتضی اور ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی رائے طاہرشامل تھے جبکہ صوبائی وزراء وومن ڈویلپمنٹ وکوآپریٹو آشفہ ریاض فتیانہ،مہر اسلم بھروانہ،ارکان اسمبلی شیخ خرم شہزاد،لطیف نذر نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔اس موقع پر ڈویژنل کمشنر محمود جاوید بھٹی،آر پی او غلام محمود ڈوگر،ڈپٹی کمشنر سردار سیف اللہ ڈوگر،سی پی او اظہر اکرم دیگر اضلاع کے ڈپٹی کمشنرزمحمد طاہر وٹو،سید امان انورقدوائی اور ڈی پی اوزعطاء الرحمن،وقار قریشی،سید حسنین حیدر اوردیگر افسران بھی موجود تھے۔صوبائی وزیر قانون نے کہا کہ موجودہ حالات کا تقاضا ہے کہ ہم اپنی صفوں میں اتحاد برقرار رکھیں اور دشمن کوکسی قسم کی تخریب کاری کا موقع نہ دیں۔انہوں نے کہا کہ وطن عزیز سے محبت،سلامتی اور قومی وحدت کا تقاضا ہے کہ امن کو فروغ دیا جائے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر محرم الحرام کے حوالے سے سیکورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے جارہے ہیں جن کا جائزہ لینے کے لئے پنجاب کابینہ سب کمیٹی کی طرف سے صوبہ بھر میں ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز کے دورے جاری ہیں تاکہ محر الحرام کی تیاریوں میں کوئی خلاء باقی نہ رہے۔انہوں نے کہا کہ علماء کرام اور مذہبی رہنماؤں کی تجاویز کی روشنی میں محرم انتظامات کو مزید مستحکم اور جامع بنانے میں مدد مل رہی ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ فیصل آباد ڈویژن امن کاگہوارہ ہے جس کا اعزاز علماء کرام کے سر ہے اور یہ تسلسل آئندہ بھی برقرار رکھا جائے۔انہوں نے انتظامیہ سے کہا کہ وہ عشرہ محرم کے دوران انتظامات کو مربوط بنانے میں علماء کرام اور ارکان اسمبلی سے گہرارابطہ رکھیں اور سامنے آنے والی خامیاں فوری حل ہونی چاہیں۔انہوں نے کہا کہ بیرونی عناصر پاکستان کو مستحکم اور قوم کو متحد نہیں دیکھ سکتے لیکن ہمیں اتحاد واتفاق قائم رکھتے ہوئے ان کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانا ہے۔اس موقع پر ڈویژنل امن کمیٹی کے ارکان صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی،مفتی ضیاء مدنی،سید تجمل حسین زیدی،مولانا نصیر الدین نصیر،مولانا زاہد انور،مسعود الحسن ترمذی،مولانا حمیدالدین رضوی،مفتی عبدالمعید اسد،ممتاز حسین گوندل،مفتی محمد اسلم،خواجہ معین الدین،حاجی محمد رضا شاہ،مولانا محمد ایوب چنیوٹی،محمد اسلم بھلی ودیگر علماء کرام نے امن کمیٹیز کے بروقت اجلاس اورمشاورت پر حکومت پنجاب کے احسن اقدامات کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ امن وامان قائم رکھنے کے لئے پنجاب کابینہ سب کمیٹی کی کاوشیں مثالی ہیں۔انہوں نے اپنے بھرپور تعاون کایقین دلاتے ہوئے بعض تجاویز پیش کیں اور کہا کہ ضابطہ اخلاق کی پابندی کویقینی بنایا جائے۔قبل ازیں صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت نے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ڈویژن بھر میں محرم الحرام کے سیکورٹی انتظامات کی تیاریوں کاجائزہ لیا۔پنجاب کابینہ کمیٹی برائے امن وامان کے دیگر ارکان بھی موجود تھے۔ڈویژنل کمشنر محمود جاوید بھٹی اورآرپی او غلام محمود ڈوگر نے فیصل آباد ڈویژن میں محرم الحرام کے انتظامی وحفاظتی امور کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا۔اجلاس میں چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز،ڈی پی اوز اور سیکورٹی کے دیگر افسران نے شرکت کی۔اس موقع پر ارکان اسمبلی شیخ خرم شہزاد،لطیف نذر بھی موجود تھے۔صوبائی وزیر قانون نے محرم سیکورٹی انتظامات کاجائزہ لیتے ہوئے کہا کہ امن عامہ کو درپیش چیلنجز کامقابلہ کرنے کے لئے قانون نافذ کرنے والے ادارے مربوط حکمت عملی کو ہر لحاظ سے جامع اور ٹھوس بنائیں۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم نے کہا کہ چیک لسٹ کے مطابق محرم انتظامات مکمل کئے جائیں اس سلسلے میں انتظامات میں کوئی نقص نہیں ہونا چاہیے۔انہوں نے کنٹرول رومز کو فعال رکھنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سیکورٹی ادارے باہمی رابطہ کو مستحکم رکھیں۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ سیکورٹی انتظامات کے استحکام کے لئے ہر ممکن وسائل فراہم کئے گئے ہیں لہذا محرم پلان پر عملدرآمد انتہائی ذمہ داری اور محنت سے فرائض انجام دینے کا متقاضی ہے۔اس موقع پر ارکان اسمبلی نے محرم انتظامات کومزید جامع بنانے کے لئے اپنی تجاویز پیش کیں اور کہا کہ بھرپور تعاون سے امن وامان کی صورتحال برقرار رکھیں گے۔

Leave a reply