ناجائز منافع خوروں کے خلاف کریک ڈاؤن،جرمانے عائد

0
39

لالہ موسیٰ۔ (اے پی پی)حکومت پنجاب کی ہدایت پر رواں ماہ ناجائز منافع خوروں کے خلاف ضلع گجرات میں کریک ڈاؤن کے دوران 359 گرانفروشوں پر 8لاکھ 50ہزار روپے سے زائد جرمانہ عائد کر دیا گیا ہے، 4ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرائے گئے ہیں، پرائس مجسٹریٹس کی کارکردگی کو مزید موثر بنانے کیلئے انکی ٹریننگ کا اہتمام کیا جائے گا۔ یہ تفصیلات ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد کی زیر صدارت پرائس مجسٹریٹس کے اجلاس میں بتائی گئیں، ڈی او انڈسٹریز ظہیر احمد نے بریفنگ دی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل توقیر الیاس چیمہ، اسسٹنٹ کمشنرز محمد جمیل، فیصل عباس سمیت ضلع بھر کے پرائس مجسٹریٹس نے شرکت کی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ یکم اکتوبر سے ابتک چیکنگ کے دوران 1627مقامات پر انسپکشن کی گئیں اس دوران 359مقامات پر دوکاندار گرانفروشی کے مرتکب پائے گئے جبکہ پرائس مجسٹریٹس نے قیمت پنجاب ایپ پر موصول ہونیوالی 428میں سے379شکایات کا بھی ازالہ کر دیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے ہدایت کی کہ پرائس مجسٹریٹس جہاں انسپکشن کریں وہاں دوکانداروں کو ہدایت کی جائے کہ ضلعی انتظامیہ کیطرف سے جاری کردہ ریٹس پر مشتمل فلیکس نمایاں مقام پر آویزاں ہو جس پر شکایات کیلئے واٹس ایپ نمبر اور ٹال فری ہیلپ لائن کا نمبر بھی درج ہوگا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سبزیوں، پھلوں، کریانہ سٹورز پر ہر آئٹم کیساتھ الگ الگ ریٹ کارڈ موجود ہونا لازمی ہے خلاف ورزی کرنیوالوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔

Leave a reply