نشہ کے ناسور سے نوجوان نسل کو بچانے کے لئے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے

0
23

فیصل آباد( نمائندہ باغی ٹی وی)نشہ کے ناسور سے نوجوان نسل کو بچانے کے لئے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے تاکہ قوم کے معمار اس لعنت سے دور اور معاشرے کو اس برائی سے بچایا جاسکے۔یہ بات میڈیکل سوشل آفیسر ماڈل ڈرگ ایبویز ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال رابعہ خالد نے انجمن انسداد منشیات کے زیراہتمام گورنمنٹ گرلز ہائی سکول نثار کالونی میں آگاہی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔اینٹی نارکوٹکس فورس کے انسپکٹر محمد علی،جنرل سیکرٹری انجمن انسداد منشیات محمدانوارخان، سائیکالوجسٹ غلام مصطفی نیازی، محمد پرویز،میڈم شکیلہ کے علاوہ پرنسپل ادارہ،اساتذہ اور طالبات بھی موجود تھیں۔میڈیکل سوشل آفیسر نے کہا کہ تابناک مستقبل کے لئے نوجوان نسل کو اس لت سے دوررہنا چاہیے کیونکہ نشہ انسان کو تنزلی میں دھکیل دیتا ہے اور دین اسلام نے بھی اس سے باز رہنے کی تلقین کی ہے۔انہوں نے طالبات سے کہا کہ وہ اپنی تمام تر توجہ حصول علم پر مرکوز رکھیں اورنشہ سمیت دیگر برائیوں سے دوررہیں۔جنرل سیکرٹری نے انجمن انسداد منشیات کی کارکردگی سے آگاہ کیا اور کہا کہ معاشرے کو اس لعنت سے دور رکھنے کے لئے اقدامات جاری ہیں۔انہوں نے اپنے عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ نشہ کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔سائیکالوجسٹ نے نشہ کی اقسام،اس کے معاشی اور معاشرتی زندگی پر اثرات اور اس سے پیداہونے والے بیماریوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور کہا کہ ڈی ایچ کیو میں نشہ کے عادی افراد کی بحالی کے لئے سنٹر ہمہ وقت کام کررہا ہے جہاں ایسے افراد کی کونسلنگ کرکے انہیں معاشرے کا کارآمد شہری بنایا جارہا ہے۔انسپکٹر اینٹی نارکوٹکس نے منشیات فروشوں کے خلاف کاررائیوں جبکہ دیگر مقررین نے نشہ کے خلاف نفرت بیدار کرنے کے لئے آگاہی پروگرامز کا دائرہ وسیع کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

Leave a reply