نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کے تحت ہاؤسنگ سکیموں کے قیام کے لئے فیصل آباد میں 2 مزید سائٹس منتخب کردی گئیں

0
33

فیصل آباد، وزیر اعظم عمران خان کے نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کے تحت ہاؤسنگ سکیموں کے قیام کے لئے ضلع کے مختلف علاقوں میں دو مزید سائٹس منتخب کی گئی ہیں جنہیں غور و خوض اور منظوری کے لئے حکومت پنجاب کو بھجوایا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر سردار سیف اللہ ڈوگر کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ہاؤسنگ کمیٹی کے اجلاس میں نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کے تحت دو مزید سائٹس کا انتخاب کیا گیا جبکہ اس سے قبل ضلع کے مختلف علاقوں میں پانچ سائٹس کا انتخاب کرکے منظوری کے لئے حکومت پنجاب کو بھجوایا گیا ہے۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو)طارق نیازی‘ اسسٹنٹ کمشنرز سٹی و صدر شمائلہ منظور‘ نازیہ موہل‘ چیف آفیسر ضلع کونسل نعیم اللہ وڑائچ‘ ڈپٹی ڈائریکٹر ہاؤسنگ محمد سعید‘ ڈپٹی ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ آصف نیازی و دیگر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران محکمہ مال کی طرف سے مختلف علاقوں میں سرکاری اراضی کی دستیابی کی نشاندہی کی گئی جن میں سے چک نمبر 100 ج ب کڑی والا کے قریب دستیاب 56 کنال اراضی اور چک نمبر 76 ج ب میں دستیاب 199 کنال اراضی کا انتخاب کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے محکمہ ہاؤسنگ کے افسران سے کہا کہ وہ نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام پر عملدرآمد کے لئے محکمانہ کوششوں کو مزید تیز کریں۔ انہوں نے کہا کہ منتخب کی گئی سائٹس کے بارے میں محکمانہ طور پر درکار تقاضوں کو پورا کیا جائے اور ٹاؤن پلاننگ کے سلسلے میں ضروری کارروائی مکمل کریں۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت پنجاب سے منظوری کی صورت میں مجوزہ سائٹس کے لئے ضروری انفراسٹریکچر کے لئے پلاننگ میں تاخیر نہیں ہونی چاہئے۔
۔۔۔///۔۔۔

Leave a reply