واسا کی کارکردگی اورسروسز کو مزید مستحکم بنانے کے اقدامات

0
27

فیصل آباد(محمد اویس) واسا کی کارکردگی اورسروسز کو مزید مستحکم بنانے کے اقدامات کے سلسلے میں ارکان اسمبلی اور ایف ڈی اے کی گورننگ باڈی کے دیگر ارکان کو بریفنگ دی گئی۔ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد سہیل خواجہ اور مینجنگ ڈائریکٹر واسا فقیر محمد چوہدری نے شہریوں کو واٹر سپلائی اور سیوریج کی بہتر سہولیات کی فراہمی، ریونیو ریکوری، سروسز کو جدید بنانے کے لئے نئی اصلاحات اور مستقبل کے ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی اس سلسلے میں ایک اجلاس واسا کے مرکزی دفتر میں منعقد ہوا جس کی صدارت ایم پی اے/صوبائی پارلیمانی سیکرٹری چوہدری عادل پرویز گجر نے کی۔ایم پی اے میاں وارث عزیز،وائس چیئرمین واسا شیخ شاہد جاوید،ماجد حسین،چوہدری ناصر محمود،انجینئر یاسرانور،ڈی ایم ڈی واسا جبارانور،مختلف شعبوں کے ڈائریکٹرز اوردیگر افسران اجلاس میں موجود تھے۔ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد سہیل خواجہ اور ایم ڈی واسا فقیر محمد چوہدری نے ارکان اسمبلی اورگورننگ باڈی کے ارکان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ واسا کے حوالے سے شہریوں کو واٹر سپلائی اور سیوریج کی معیاری سہولیات فراہم کرنے کے لئے تمام ترسروسز کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا رہا ہے اس سلسلے میں شہر کو 16حصوں میں تقسیم کرکے سروسز کی فراہمی اور سٹاف کی کارکردگی کی سخت مانیٹرنگ کی جارہی ہے جبکہ مدینہ ٹاؤن اورسرفراز کالونی کو ماڈل بنا کر مسلسل 12گھنٹے پینے کے پانی کی فراہمی کویقینی بنایا گیا ہے اور ان علاقوں کے ہر گھر میں واٹر میٹرز کی تنصیب کے علاوہ سو فیصد ریکوری بھی خوش آئندہے۔مستقبل میں اس نوعیت کی سروسز کا دائرہ تمام تر شہر تک وسیع ہو جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ عوامی سہولت کے لئے واسا کے تمام ڈسپوزل اسٹیشنز پر ون ونڈو آپریشن سسٹم شروع کیاگیا ہے تاکہ واٹر سپلائی سیوریج کی خرابی یا بلوں کی ترسیل کے حوالے سے شکایات کا فوری ازالہ کیا جاسکے۔ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے واسا کی ریکوری کے حوالے سے کئے گئے اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ سپیشل ریکوری مہم کے خاطرخواہ نتائج حاصل ہوئے ہیں اس سلسلے میں متعلقہ شعبوں کے افسران وسٹاف کی کارکردگی قابل ستائش ہے۔انہوں نے مختلف سرکاری محکموں /اداروں اوربعض مسائل زدہ علاقوں سے واسا کی ریکوری میں ارکان اسمبلی کی معاونت کی خواہش کا اظہار کیا اور کہا کہ وسائل میں مشکلات،بجلی کے نرخوں اور دیگر محکمانہ اخراجات میں اضافہ کے باعث واسا کے نرخوں میں مناسب اضافہ ناگزیر ہے جس کی گورننگ باڈی کی طرف سے منظوری دی جاچکی ہے جبکہ صوبائی کابینہ کی توثیق کا انتظار ہے۔انہوں نے کہا کہ ایف ڈی اے اورواسا کی کارکردگی کے معیار میں مزید اضافہ شہری ترقی اور شہریوں کو بہترریلیف کی فراہمی کے بعض امور میں صوبائی سطح پر قانون سازی کی بھی ضرورت ہے۔ایم ڈی واسا نے مستقبل کے بزنس پلان کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ واسا کے باٹلنگ واٹر پلانٹ کے توسیعی منصوبے کے مطابق ڈیڑھ لیٹر اورآدھا لیٹر پانی کی بوتلوں کی تیاری اور مارکیٹنگ کی منصوبہ بندی کے علاوہ سرگودھا روڈ،جڑانوالہ روڈ اور ستیانہ روڈ کے علاقوں میں سیوریج سسٹم میں توسیع بھی کی جارہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ جائیکا کے تعاون سے واسا کی پرانی مشینری کو تبدیل کیا جائے گا جس کے لئے منصوبے کا افتتاح عنقریب متوقع ہے۔انہوں نے پنجاب حکومت کی طرف سے واسا کے لئے آئندہ پانچ سالہ بجٹ مختص کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے واسا کے سروس ایریا میں اضافہ کے لئے مجوزہ ترقیاتی پروگرام اور ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ سمیت واٹر سپلائی اور سیوریج کے آئندہ منصوبوں کی تفصیلات سے آگاہ بھی کیا۔ارکان اسمبلی اورگورننگ باڈی کے دیگر ارکان نے اپنے بھرپور تعاون کایقین دلاتے ہوئے کہا کہ اداروں کے استحکام سے ہی عوام کو عمدہ سروسز فراہم کی جاسکتی ہیں۔ارکان اسمبلی نے کہا کہ وہ مثبت تبدیلی کے سفر میں عوام اور اداروں کے مابین بہترین روابط میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کے لئے پرعزم ہیں اس ضمن میں وسائل کی فراہمی اوردیگر محکمانہ مشکلات کے حل کے لئے صوبائی سطح پر مکمل نمائندگی کی جائے گی۔

Leave a reply