وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں موجودہ حکومت ہر مظلوم کو جلد انصاف کی فراہمی کیلئے پر عزم ہے۔ صوبائی وزیر پبلک پراسیکیوشن چوہدری ظہیر الدین کا دورہ فیصل آباد

0
58

فیصل آباد، صوبائی وزیر پبلک پراسیکیوشن چوہدری ظہیر الدین نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں موجودہ حکومت ہر مظلوم کو جلد انصاف کی فراہمی کیلئے پر عزم ہے کیونکہ عدل پر قائم رہنے والا معاشرہ ہی صحیح سمت ترقی کی منازل طے کرتا ہے اس سلسلے میں عدل وانصاف کی فراہمی میں معاون شعبوں کو مستحکم بنایا جارہا ہے۔انہوں نے یہ بات ضلع کچہری میں پراسیکیوشن ڈیپارٹمنٹ کی نو تعمیر شدہ عمارت کا افتتاح کرتے ہوئے کہی جس پر پونے چار کروڑ روپے کے فنڈز خرچ ہوئے ہیں۔اس موقع پرایڈیشنل سیکرٹری پراسیکیوشن مقصود احمد،پراسیکیوٹر جنرل پنجاب سید احتشام قادر،ڈائریکٹر اپیلز عصمت اللہ ہنجرا،ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹرچوہدری مظفر علی رانجھا،صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن نوید مختار گھمن،سیکرٹری رانا شاہد منیر،پراسیکیوٹر اینٹی کرپشن خالد کانجو،تحریک انصاف کے رہنما رانا جاوید اشرف،پبلک پراسیکیوٹرافسران ودیگر بھی موجود تھے۔صوبائی وزیر پبلک پراسیکیوشن نے پراسیکیوشن ڈیپارٹمنٹ کی نو تعمیر شدہ بلڈنگ کا افتتاح کرنے کے بعد عمارت کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اوردفاتر ودیگر انتظامی امور کے لئے دستیاب سہولتو ں کو سراہتے ہوئے بلڈنگ کی بہتر دیکھ بھال اور تحفظ کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ بلدنگ میں سیکورٹی انتظامات کو بھی بہتر بنایا جائے گا۔صوبائی وزیر نے پراسیکیوشن ڈیپارٹمنٹ کے افسران سے میٹنگ بھی کی اور کہا کہ شعبہ پراسیکیوشن کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لئے متعدد اقدامات کئے جارہے ہیں تاکہ جدید سائنسی انداز میں مقدمات کی پیروی کرکے انصاف کے تقاضے کما حقہ پورے کئے جاسکیں۔انہوں نے پراسیکیوشن ڈیپارٹمنٹ کی بلڈنگ کی تکمیل پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ اس عمارت کی بدولت نہ صرف افسران کو پیشہ وارانہ سرگرمیوں کے لئے بہترین ماحول میسر آیا ہے بلکہ شہر میں ایک شاندار اور پرشکوہ عمارت کا اضافہ ہوا ہے جو کہ اپنے ڈیزائن اور طرز تعمیر کے لحاظ سے نمایاں خصوصیت کی حامل ہے۔انہوں نے تاکید کی کہ شعبہ پراسیکیوشن میں بہترین سروسز کی فراہمی میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے تاکہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے انصاف کی فراہمی کے ایجنڈے کی تکمیل میں کوئی رکاوٹ نہ رہے۔انہوں نے شعبہ پراسیکیوشن کے دیگر مسائل حل کرنے کا یقین دلایا اور کہا کہ افسران کی مثالی کارکردگی اور اچھے نتائج ہی بہترین سروس ڈلیوری کا معیار ہونا چاہئے۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر چوہدری مظفر علی رانجھا نے صوبائی وزیر پبلک پراسیکیوشن کومحکمانہ کارکردگی اور بعض مسائل سے آگاہ کیا۔

Leave a reply