پاکستان خوبصورت نظاروں کی سرزمین ہے۔معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب برائے سپورٹس ملک عمر فاروق

0
31

فیصل آباد (محمد اویس ) معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب برائے سپورٹس ملک عمر فاروق نے کہا ہے کہ پاکستان خوبصورت نظاروں کی سرزمین ہے۔ وسیع و عریض ریگستان، سر سبز و شاداب میدان، برف سے ڈھکے ہوئے پہاڑ اور بلند و بالا پہاڑی سلسلے، گھنے جنگلات، حسین وجمیل شمالی علاقے جات، جھیلیں، جزائر اور رنگ بدلتے ہوئے موسم پوری دنیا کے سیاحوں کے لئے انتہائی کشش رکھتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انٹرنیشنل ٹورازم پروموٹرز ارگنائزنیشن کے زیر اہتمام ایشیائی ثقافت اور سیاحت کے عنوان سے منعقدہ بین الاقوامی کانفرنس کے اختتامی اجلاس کے دوران کیا۔ کانفرنس میں پاکستان، انڈیا، بنگلہ دیش اور بھوٹان کے مندوبین کے علاوہ اوورسیز پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ کانفرنس کے شرکاء سے اپنے صدارتی خطبے میں ملک عمر فاروق نے کہاکہ وزیراعظم پاکستان عمران خان ملک میں سیاحت کے فروغ کے لیے خاصے متحرک ہیں جنہوں نے سیاحوں کے لئے آسانیاں فراہم کرنے کا حکم دیتے ہوئے دنیا کے مختلف حصوں سے آنے والے سیاحوں کی ترجیحات کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹوریسٹ انفراسٹرکچر اور سروسز بہتر کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ملک میں سیاحت کی صنعت کے فروغ اور سکوپ کو مزید وسیع کرنے کے لئے آنے والے دنوں میں بین الاقوامی ٹورازم کانفرنس کے انعقاد پر سنجیدگی سے غور ہو رہا ہے۔ سیاحت کے فروغ کے لیے ملکی تاریخ میں پہلی بار نیشنل ٹورازم سٹریٹیجی 2020-30 تشکیل دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ نیشنل ٹورازم ایکشن پلان 2020-25 مرتب کرنے کے ساتھ ساتھ مختلف ایونٹس کے لیے نیشنل کلینڈر بھی ترتیب دیا گیا ہے۔ پی ٹی ڈی سی کی نئی ویب سائٹ لانچ کر دی گئی ہے جس میں آن لائن بکنگ کی سہولت بھی رکھی گئی ہے۔ ملک عمر فاروق نے کہا کہ پاکستان میں سیاحت کا بے پناہ پوٹینشل موجود ہے جسے بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرکے کثیر زرمبادلہ حاصل کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کابیش قیمت ثقافتی ورثہ اور قدرتی حسن سے مالامال دلکش نظارے دنیا بھر کے سیاحوں کو اپنی خوبصورتی کی طرف مائل کرتے ہیں اور امید ہے کہ موجودہ حکومت کی سیاحت دوست پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان بین الاقوامی سیاحت کا بہترین مرکز ثابت ہو گا۔

Leave a reply