ڈرگ ایکٹ کی خلاف ورزیوں پر 12 میڈیکل سٹورز کے کیسز ڈرگ کورٹ منتقل

0
35

فیصل آباد (محمد اویس) ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ نے ڈرگ ایکٹ کی مختلف خلاف ورزیوں کے مرتکب 12 میڈیکل سٹورز کے کیسز ڈرگ کورٹ کو بھجوانے جبکہ دو میڈیکل سٹور کے مالکان کے خلاف مقدمات درج کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر محمد علی کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) میاں آفتاب احمد بھی موجود تھے جبکہ اجلاس میں ڈپٹی پراسیکیوٹر سجیلہ نذیر، محکمہ صحت کے ڈاکٹر بلال احمد، سیکرٹری ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ عارف شہزاد، دیگر ارکان کیپٹن ڈاکٹر محمد صدیق، غلام صابر انصاری، ڈرگ انسپکٹر خالد مصطفی، محسن اصغر، شہباز احمد و دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران میڈیکل سٹوروں کے خلاف کارروائیوں سے متعلق 28 کیسز زیر سماعت تھے جن میں ڈرگ لائسنس کے بغیر ادویات کی فروخت، مطلوبہ ریکارڈ نہ رکھنے اور مقررہ شرائط کی پابندی نہ کرنے والے 12 میڈیکل سٹورز کے مالکان کے کیسز ڈرگ گورٹ کو بھجوائے۔ رحمان میڈیکل سٹور غلام محمد آباد، الشفیع پنسار سٹور نہر بازار سمندری کے مالکان کے خلاف مقدمات درج کرنے کا فیصلہ جبکہ تسلی بخش دستاویزی ثبوت پیش کرنے پر پانچ میڈیکل سٹورز کے مالکان کو وارننگ دی گئی اس موقع پر 9 میڈیکل سٹورز کے خلاف سماعت آئندہ جلاس تک ملتوی کر دی گئی۔ ڈپٹی کمشنر نے ڈرگ انسپکٹر کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے جعلی و غیر معیاری ادویات کی تیاری و فروخت کے گھناؤنے دھندے کا یکسر خاتمہ کے لئے انہیں دیانتداری اور محنت سے فرائض انجام دینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ جعلی اور نشہ آور ادویات فروخت کرنے والے میڈیکل سٹورز کو فی الفور سیل کیا جائے۔ انہوں نے ڈرگ کورٹ میں زیر سماعت مقدمات کی موثر انداز میں پیروی کرنے کی تاکید کی اور کہا کہ انسانی صحت سے کھیلنے والوں کے خلاف کوئی رعایت نہیں ہونی چاہئے۔ ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ کسی قسم کی کرپشن یا بددیانتی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ڈرگ انسپکٹرز کی کارکردگی کی سخت مانیٹرنگ ہو گی اور پرفارمنس کا تقابلی جائزہ لیا جائے گالہذا ان سے اچھے محکمانہ نتائج کی توقع ہے۔
—–////—-
فیصل آباد( )ڈپٹی کمشنر محمد علی نے ہدایت کی ہے کہ حکومت پنجاب کے کمیونٹی ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری ترقیاتی سکیموں کو 15دسمبر تک سو فیصد مکمل کیا جائے اس سلسلے میں اضافی افرادی قوت لگا کر اہداف حاصل کئے جائیں تاکہ شہری جلد ان منصوبوں کے ثمرات سے مستفید ہوسکیں۔انہوں نے یہ ہدایت ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کی جس میں حکومت پنجاب کے کمیونٹی ڈویلپمنٹ پروگرام پرعملدرآمد کی پیشرفت کاجائزہ لیا گیا۔ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ڈاکٹرنوید کے علاوہ دیگرمتعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ ضلع میں ایک ارب روپے کی لاگت سے لوکل گورنمنٹ،واسا،پبلک ہیلتھ انجینئرنگ اور روڈز کنسٹرکشن کی سکیموں کا مجموعی طور پر 65فیصد تعمیراتی کام مکمل ہوچکا ہے۔ڈپٹی کمشنر نے کمیونٹی ڈویلپمنٹ پروگرام پر عملدرآمد کی تفصیلات کا جائزہ لیتے ہوئے واضح کیا کہ وہ سکیموں کی پیشرفت کو خود مانیٹر کریں گے اور اگر سست روی سامنے آئی تو سخت محکمانہ کارروائی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کو مختلف شعبوں میں مزید سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے کمیونٹی ڈویلپمنٹ پروگرام انتہائی اہمیت کا حامل ہے لہذا متعلقہ محکمے اپنی ذمہ داریوں کا ادراک کریں اور ٹارگٹس کے حصول میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے۔انہوں نے کہا کہ منصوبوں پر عملدرآمد کے سلسلے میں اگر کسی جگہ رکاوٹ درپیش ہو تو فوری ان کے نوٹس میں لائیں تاکہ بروقت اقدامات کئے جاسکیں.

Leave a reply