ڈویژنل کمشنر عشرت علی کا تحصیل احمدپور سیال کا دورہ

0
58

فیصل آباد(محمد اویس)ڈویژنل کمشنر عشرت علی نے تحصیل احمدپور سیال کا دورہ کیا۔انہوں نے پارلیمانی سیکرٹری رانا شہباز اور اسسٹنٹ کمشنر اسدعلی کے ہمراہ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال اوردریائی کٹاؤ کے حوالہ سے دادل فلڈ بند کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر ایری گیشن سمیت متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔ ڈویژنل کمشنر عشرت علی نے تحصیل میں جاری ترقیاتی سکیموں کا جائزہ لیا اور موقع پر احکامات جاری کیئے۔انہوں نے کہا کہ دریا کا کٹاؤ روکنے کے حوالہ سے موثر منصوبہ بندی کی جائے گی تاکہ مستقبل میں اس سے ملحقہ علاقوں کو نقصانات سے بچایا جا سکے۔ ترقیاتی پروگرامز پر تیزرفتار عملدرآمد کا مقصد علاقائی ترقی اور عوام کوہرممکن ریلیف فراہم کرنا ہے اس ضمن میں کسی قسم کی ذاتی پسند یا ناپسند کی بجائے عوامی اورعلاقائی ضروریات اورمسائل کو مدنظر رکھا جائے گا۔ترقیاتی منصوبوں کے تعمیراتی مراحل کی کڑی مانیٹرنگ کی جائے گی اور ان کی پیشرفت کاباقاعدگی سے جائزہ لیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ عوامی فلاح وبہبود اورعلاقائی خوشحالی کے لئے ترقیاتی پروگرامز پراحسن انداز میں عملدرآمد کرکے بہترین نتائج حاصل کرنے کے لئے تمام متعلقہ محکموں میں مکمل کوآرڈینیشن برقرار رہنی چاہیے۔ ڈویژنل کمشنر نے تحصیل ہیڈ کواٹر ہسپتال کی ایمرجنسی سمیت مختلف شعبوں کا بھی معائنہ کیا اور ہسپتال میں پولیو کاؤنٹر پر بھی رپورٹنگ کے عمل کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت شعبہ صحت کی بہتری اور ترقی کیلئے مثالی اقدامات کر رہی ہے تاکہ عوام کو ان کی دہلیز پر جدید اور اعلیٰ طبی سہولیات میسر ہو سکے۔ عوام کی فلاح و بہبود اور بہتر سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیحات ہیں۔ دور دراز علاقوں میں خصوصاً شعبہ صحت اور تعلیم پربھرپور توجہ دی جا رہی ہے۔ عوام کے مسائل حل کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری رانا شہباز نے کہ پاکستان تحریک انصاف حقیقی تبدیلی کیلئے کوشاں ہے۔وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کے مطابق ترقی اور خوشحالی کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ علاقہ کی ترقی کی راہ میں اب رکاوٹیں برداشت نہیں کی جائینگی۔ تحصیل احمد پور سیال میں ریکارڈ ترقیاتی کام کروائے جائیں گے اور تحصیل کی عوام کو اعلیٰ اور معیاری سہولیات دہلیز پر میسر ہونگی۔ عوام سے کئے گئے تمام وعدے پورے کئے جا رہے ہیں۔ڈویژنل کمشنر نے ہسپتال میں نیو ڈینٹل یونٹ کو فعال بنانے کے احکامات جاری کئے جبکہ ایکسرے مشین کی تنصیب سمیت بیڈز کی تعداد بڑھانے کے حوالہ سے یقین دہانی کروائی۔ انہوں نے تحصیل آفس احمدپور سیا ل میں پودا لگا کر شجر کاری مہم کا افتتاح کیا اور شہر بھر میں صفائی ستھرائی کے بہتر انتظامات پر اسسٹنٹ کمشنر اسدعلی کی کارکردگی کو سراہا۔

Leave a reply