ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ کا بارش کے بعد مختلف علاقوں کا ہنگامی دورہ

0
43

گوجرانوالہ:ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نائلہ باقرکا بارش کے بعد شہر کا ہنگامی دورہ،شہر کی مختلف شاہراؤں اور نشیبی علاقوں میں واسا حکام کی طرف سے نکاسی آب کے انتظامات کا جائزہ لیا اور واسا حکام کو تمام نشیبی علاقوں سے ہنگامی بنیادوں پر نکاسی آب کے احکامات جاری کیے۔
ڈپٹی کمشنر کاوزیر آباد میں بھی سیلابی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے نالہ پلکھو،لویری والا بنداور الیگزینڈریا پُل ریلوے،خانکی بیراج سمیت مختلف مقامات کا بھی تفصیلی دورہ،دورہ کے موقع پر اسسٹنٹ کمشنر وزیر آباد وقار حسین، محکمہ ریلوے، محکمہ انہارو ڈرینیج کے افسران سمیت دیگر بھی ان کے ہمراہ تھے۔
انہوں نے دورہ کے موقع پر نالہ پلکھو اوردریائے چناب کے مختلف مقامات پر سیلابی پانی کی اپ اور ڈاؤن سٹریم،سیلابی پانی سے ہونے والے نقصانات اور الیگزینڈریا پُل کے مقام پر گزرنے والے سیلابی ریلوں کی تفصیلات بھی دریافت کیں اور متعلقہ حکام کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے اور نقصانات سے بچاؤ کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کیں۔
اسسٹنٹ کمشنر وزیر آباد اور محکمہ انہار کے افسران نے ڈپٹی کمشنر کو موجودہ سیلابی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ دریائے چناب الیگزینڈریا پُل کے مقام پر پانی کا لیول 76ہزار کیوسک ہے جو کہ نارمل ہے جس سے فی الحال آبادی اور ملحقہ علاقوں کو کسی قسم کا خطرہ نہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ ہائی لیول کا سیلاب 2سے 4لاکھ کیوسک اور اونچے درجے کا سیلاب 4سے 6لاکھ کیوسک تک ہے،مرالہ کے مقام پر نچلے لیول کا سیلاب 1سے ڈیڑھ لاکھ کیوسک،درمیانے درجے کا سیلاب ڈیڑھ سے 2لاکھ کیوسک تک ہے۔انہوں نے بتایا کہ اس وقت دریائے چناب میں مرالہ اور خانکی کے مقام پر سیلاب کی صورتحال نارمل ہے۔ڈپٹی کمشنر نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی طرف سے جاری الرٹ کے پیش نظر تمام اسسٹنٹ کمشنرز،محکمہ انہار،واسا اور دیگر متعلقہ محکموں کو کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کیں۔

Leave a reply