گندم میں رکھنے والی زہریلی گولیوں کی غیر قانونی فروخت پر پابندی عائد

0
34

فیصل آباد۔ (اے پی پی) حکومتی ہدایات کی روشنی میں محکمہ زراعت پنجاب نے گندم میں رکھنے والی زہریلی گولیوں کی کھلے عام غیر قانونی فروخت پر پابندی عائد کردی ہے اور رجسٹرڈ ڈیلرز کے علاوہ عام مقامات پر گولیاں فروخت کرنے کی ممانعت اور رجسٹرڈ ڈیلر ز کو گولیوں کی فروخت کاریکارڈ رکھنے کا بھی حکم دیاگیاہے۔ محکمہ زراعت کے ذرائع نے بتایاکہ اعلیٰ حکومتی شخصیات سمیت محکمہ کے حکام کی جانب سے گندم میں رکھنے والی زہریلی گولیاں کھا کر خود کشی کرنے کی خبروں کی اشاعت کے بعد سختی سے نوٹس لیتے ہوئے مذکورہ گولیوں کی کھلے عام فروخت روکنے کا فیصلہ کیاگیاہے۔ انہوں نے بتایاکہ مختلف شہروں میں محکمہ زراعت توسیع اور شعبہ پیسٹ وارننگ کے حکام نے مختلف مقامات پر اچانک چھاپے مار کر بعض دوکانداروں کے خلاف مقدمات بھی درج کروائے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ یہ امر انتہائی تشویشناک ہے کہ گلی محلوں میں کریانہ کی دوکانوں پر بھی یہ گولیاں فروخت کی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ محکمہ زراعت کے حکام پر مشتمل چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جو اچانک مختلف علاقوں میں زرعی ادویات کی دوکانوں، پیسٹی سائیڈ ز ڈیلرز، کریانہ سٹورز وغیرہ کی چیکنگ کریں گی اور اگر دوران چیکنگ کسی جگہ پر گندم میں رکھنے والی زہریلی گولیوں کی غیر قانونی فروخت پائی گئی تو ان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور متعلقہ افراد کی گرفتاری کے علاوہ ان کے خلاف فوجداری مقدمات کااندراج بھی کروایا جائیگا۔

Leave a reply