الیکشن کمیشن کو دھمکانے کے کیس میں فواد چوہدری کا 2 دن کا جسمانی ریمانڈ منظور

0
31
fawad

اسلام آباد: اسلام آباد کی عدالت میں تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری کیخلاف الیکشن کمیشن حکام کو دھمکیاں دینے کے کیس کی سماعت ہوئی، عدالت نے دلائل سننے کے بعد پی ٹی آئی رہنما کے 2 روزہ جسمانی ریمانڈ کی منظوری دیتے ہوئے 27 جنوری کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

اسلام آباد میں مجسٹریٹ کے سامنے پیش کرنے سے قبل کمرہ عدالت چھوٹا ہونے کی وجہ سے سماعت کی جگہ تبدیل کی گئی، اس دوران پی ٹی آئی کارکنان نے حکومت مخالف نعرے بازی کی اور ان کی پولیس اہلکاروں کے ساتھ دھکم پیل بھی ہوئی، پولیس افسر کی جانب سے احاطہ عدالت کو چیک کرنے کے بعد فواد چودھری کو منہ پر سفید چادر سے ڈھانپ کے کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا۔

دوران سماعت تفتیشی افسر نے فواد چوہدری کے 8 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی۔اس سے قبل پمز کے کارڈیک سینٹر کے ڈاکٹرز نے فواد چوہدری کا طبی معائنہ کیا۔ ذرائع کے مطابق ڈاکٹرز نے فواد چوہدری کو تندرست قرار دے دیا۔

قبل ازیں لاہور ہائی کورٹ نے فوادچوہدری کی بازیابی سے متعلق درخواست خارج کردی۔لاہور ہائی کورٹ میں پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کی گرفتاری کے خلاف دائر درخواست پر سماعت ہوئی۔

دوران سماعت آئی جی پنجاب نے عدالت کے روبرو فواد چوہدری سے گرفتاری سے متعلق واٹس ایپ ایکارڈ جمع کرادیا۔لاہور ہائی کورٹ نے فواد چوہدری کی بازیابی سے متعلق درخواست خارج کردی۔

عدالت عالیہ نے قرار دیا کہ فواد چوہدری کے خلاف یہ ایف آئی ار اسلام آباد میں درج ہوئی، اس لئے ایف آئی آر خارج کرنے کا اختیار اسلام آبادہائی کورٹ کے پاس ہے۔

Leave a reply